ٹی 20 ورلڈ کپ کامران کا موجودہ کمبی نیشن پر عدم اعتماد

عمراکمل، عامر، وہاب اور شعیب ملک ٹیم کیلیے ناگزیر ہیں، وکٹ کیپر


Muhammad Yousuf Anjum May 09, 2021
ویب سائٹ www.cricketpakistan.com.pk کو خصوصی انٹرویو۔ فوٹو: فائل

KARACHI: ٹیسٹ وکٹ کیپر کامران اکمل نے ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے موجودہ کمبی نیشن پر عدم اعتماد ظاہر کردیا، انھوں نے عمر اکمل، محمد عامر، شعیب ملک اور وہاب ریاض کی ٹیم میں شمولیت کو ضروری قرار دے دیا۔

پاکستان کرکٹ کی سب سے بڑی ویب سائٹ www.cricketpakistan.com.pk کو خصوصی انٹرویو میں کامران اکمل نے کہا کہ مڈل آرڈر کے شعبے میں پاکستانی ٹیم کو مسائل کا سامنا ہے،نوجوان کرکٹرز کو موقع دیا لیکن متواترتجربات پکے باوجود کچھ حاصل نہیں ہوسکا،اب بھی وقت ہے ہوش کے ناخن لیتے ہوئے درست سلیکشن کی جائے۔

انھوں نے محمد رضوان کو نمبر ون وکٹ کیپر قرار دیتے ہوئے کہاکہ وہ اس وقت زبردست فارم میں ہے، انھیں ون ڈے میں بطور اوپنر موقع دینا چاہیے،چوتھی پوزیشن رضوان کے لیے موزوں نہیں، اگر آپ کے پاس 3،2 اچھے کھلاڑی ہیں تو تین وکٹ کیپرز کو بھی ایک ساتھ موقع دینے میں کوئی حرج نہیں،اگر ہم دیگر ٹیموں میں دیکھے تو وہاں بھی بہت سی مثالیں موجود ہیں، اصل بات درست کمبی نیشن بناناہے، اس میں رضوان اگر بطور بیٹسمین اور سرفراز وکٹ کیپر کھیلتے ہیں تو ایسا ضرور کرنا چاہیے۔

کامران اکمل نے کہا کہ بابراعظم کی کارکردگی میں ہر میچ کے ساتھ بہتری آ رہی ہے،بطور کپتان انھیں اپنے فیصلوں کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے،خاص طورپر سلیکشن پالیسی کو ٹھیک کرنا ہوگا، انضمام الحق اور یونس خان بطور کپتان خاصے سخت تھے، بابر کو بھی میرٹ پرٹیم بنانے کے لیے اسٹینڈ لینا ہوگا۔

کامران اکمل نے کہا کہ میں پی ایس ایل کی تیاریوں میں مصروف ہوں، پشاور زلمی کی ٹیم میں نئے چہرے شامل ہوئے ہیں، کوشش ہوگی کہ اگر پی ایس ایل ہوئی تو اچھا پرفارم کریں،انھوں نے واضح کیا کہ میں اپنی کرکٹ جاری رکھے ہوئے ہوں،جب تک فٹنس اور فارم ہے کھیلتے رہوں گا،قومی ٹیم میں انتخاب ہوگا یا نہیں اس بارے میں سلیکٹرز ہی بہتر جانتے ہیں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔