وفاقی حکومت کا جے یو آئی ف کوحکومت میں شامل کرنے کا فیصلہ
وفاقی حکومت نے جمعیت علمااسلام (ف) کو حکومت میں شامل کرتے ہوئے اس کے 2 ارکان کو وزارتیں دینے کا فیصلہ کرلیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق نئے وزرا کی حلف برداری کی تقریب آج ایوان صدر میں منعقد ہوگی جس میں جے یو آئی (ف) کے 2 ارکان پارلیمنٹ وزارتوں کا حلف اٹھائیں گے۔ ذرائع کے مطابق جے یو آئی (ف) کے اکرم خان درانی اور فاٹا سے تعلق رکھنے والے رکن پارلیمنٹ عباس آفریدی کے حلف لینے کا امکان ہے جب کہ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے وزیر مملکت برائے تجارت اینڈ ٹیکسٹائل انڈسٹری خرم دستگیر بھی باضابطہ طور پر اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ جے یو آئی (ف) کے مرکزی سیکرٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری کو بھی کابینہ میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم نواز شریف اور جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے درمیان ملاقاتوں کا سلسلہ جاری تھا، اس سے قبل جے یو آئی (ف) نے حکومت میں شامل ہونے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔