کراچی اسٹاک ایکسچینج میں ایک اور ریکارڈ حصص مارکیٹ مزید 171 پوائنٹس بلند

کے ایس ای 100 انڈیکس پہلی بار 26 ہزار 762 پوائنٹس پر پہنچ گیا،مارکیٹ سرمایہ 65 کھرب روپے سے تجاوز کرگیا


Business Reporter January 16, 2014
انڈیکس پہلی بار26762پوائنٹس پر پہنچ گیا،مارکیٹ سرمایہ65کھرب روپے سے تجاوز۔ فوٹو: آن لائن /فائل

کراچی اسٹاک مارکیٹ میں نئے ریکارڈ بننے کا سلسلہ بدستور جاری ہے اوربدھ کوبھی مارکیٹ میں کاروبار حصص بلندیوں کی جانب گامزن رہا، تیزی کے سبب 100انڈیکس 26700کی تاریخی نفسیاتی سطح کو بھی عبور کرگیا۔

کاروباری حجم گزشتہ روز کی نسبت 58.69فیصد زائدرہا جبکہ 60 فیصد حصص کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا، مارکیٹ سرمایہ میں38ارب 28کروڑ روپے سے زائد کا اضافہ ہوا جس کے بعدمارکیٹ کا مجموعی سرمایہ 65 کھرب روپے کی سطح سے تجاوز کرگیا ۔ماہرین اسٹاک کے مطابق حکومت کی جانب سے خسارہ میں چلنے والے اداروں کی نجکاری کے اعلان کے بعد غیر ملکی سرمایہ کاروں کی آمد کے توقعات کے باعث پیر کو مقامی سرمایہ کار گروپ مارکیٹ میں سرگرم رہے اور بیشتر حصص میں خریداری کے باعث مارکیٹ کا مورال بلند رہا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ حکومتی اقتصادی پالیسیوں کے باعث رواں ہفتے بھی مارکیٹ میں تیزی دیکھی جاسکتی ہے۔ بدھ کو شیئرز مارکیٹ میں توانائی ،سیمنٹ، بینکنگ اورآئل سیکٹر میں خریداری کے باعث کاروبار کا آغا مثبت زون میں ہوا، کاروبار کے دوران ایک موقع پر کے ایس ای 100انڈیکس 26876پوائنٹس کی بلند سطح کو چھوتا دکھائی دیا تاہم فروخت کے دباؤ اور پرافٹ ٹیکنگ کے باعث کے ایس ای 100 انڈیکس مذکورہ سطح پر برقرار نہ رہ سکا، تیزی کا تسلسل سارا دن جاری رہا۔

مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای 100انڈیکس 171.09پوائنٹس اضافے سے 26761.78 پوائنٹس پر بند ہوا جبکہ کے ایس ای 30 انڈیکس 89.75 پوائنٹس اضافے سے 19611.72 پوائنٹس ،کے ایم آئی 30انڈیکس 133.32 پوائنٹس اضافے سے 44472.13اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 118.02 پوائنٹس اضافے سے 20043.06پوائنٹس پر بند ہوا، 418کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے 253کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں اضافہ، 147 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں کمی جبکہ 18کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں استحکام رہا، مارکیٹ سرمایہ 38ارب 28 کروڑ 67 لاکھ 44ہزار 878روپے بڑھ کر 65 کھرب 2 ارب 34لاکھ 17 ہزار 111روپے ہوگیا۔

بدھ کوکاروباری سرگرمیاں 30 کروڑ 66لاکھ 31 ہزار 10 شیئرز تک وسیع ہوئیں ، قیمتوں کے اتار چڑھاؤ کے حساب سے یونی لیورفوڈز کے حصص کی قیمت سب سے زیادہ433 روپے اضافے سے 9093 روپے، رفحان میظ کے حصص کی قیمت 330روپے اضافے سے 7940روپے پر بند ہوئی، نمایاں کمی انڈس ڈائنگ کے حصص میں ریکارڈ کی گئی جس کے حصص کی قیمت 60.30روپے کمی سے 1151.50 روپے بند ہوئی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں