اسرائیل کی غزہ پر دوسرے روز بھی بمباری شہید ہونے والوں کی تعداد 56 ہوگئی

شہید ہونے والوں میں حاملہ خاتون سمیت 3 خواتین اور 15 بچے بھی شامل ہیں


ویب ڈیسک May 12, 2021
اسرائیل نے دعویٰ کیا کہ 13 منزلہ عمارت حماس کے زیر استعمال تھی، فوٹو: رائٹرز

اسرائیلی طیاروں نے آج دوسرے روز بھی غزہ پر بمباری جاری رکھی جس سے شہید ہونے والوں کی تعداد 56 ہوگئی جن میں حاملہ خاتون سمیت 15 بچے شامل ہیں۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی طیاروں نے آج دوسرے روز بھی غزہ پر وحشیانہ بمباری کی جس سے کئی رہائشی عمارتیں زمین بوس ہوگئیں۔ عمارتوں کے ملبے تلے درجنوں خاندان دب گئے۔

Ghaza 2

دو دن سے جاری اسرائیلی جارحیت میں شہید ہونے والوں کی تعداد 15 بچوں اور 3 خواتین سمیت 56 ہوگئی ہے جب کہ 300 سے زائد افراد زخمی ہیں۔ اسپتال زخمیوں سے بھر گئے ہیں اور شہر کھنڈر کا منظر پیش کر رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مسجد اقصیٰ میں جمعتہ الوداع پر اسرائیلی فوج کا نمازیوں پر تشدد اور فائرنگ

Ghaza 1

غزہ کے شہر تل الهوا‎ میں بھی اسرائیلی راکٹ ایک گھر سے ٹکرا گیا جس سے حاملہ خاتون اپنے شوہر اور 5 سالہ بیٹے سمیت شہید ہوگئیں۔ ان راکٹ حملوں سے غزہ میں بڑی تباہی مچ گئی اور ہر طرف دل خراش مناظر ہیں۔



یہ خبر بھی پڑھیں : او آئی سی کی غزہ پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت، عالمی برادری سے کارروائی کا مطالبہ

ادھر حماس نے بھی اسرائیل پر جوابی راکٹ برسائے اور اشکیلون میں اسرائیل کی تیل کی پائپ لائن تباہ کردی جس کے نتیجے میں 5 اسرائیلی ہلاک اور 70 کے قریب زخمی ہو گئے۔ حماس نے اسرائیل پر 100 سے زائد جوابی حملوں کو 13 منزلہ رہائشی عمارت پر اسرائیلی حملے کا جواب قرار دیا۔

اسرائیل کے شہر لُد میں یہودی شہری نے 25 سالہ عرب شہری کو قتل کردیا جس پر ہنگامہ آرائی شروع ہوگئی اور مشتعل افراد نے یہودیوں کی ایک عبادت گاہ سیناگوگ کو نذر آتش کردیا۔ کئی دکانیں اور گاڑیوں کو بھی آگ لگادی گئی جس کے بعد لُد میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

Ghaza 3

اسرائیل نے الزام عائد کیا ہے کہ 13 منزلہ عمارت حماس کے زیر انتظام جہاں سے اسرائیل پر راکٹ داغے جاتے تھے جن میں اسرائیلی بچے بھی ہلاک ہوئے۔شہریوں کی ہلاکت کے بعد اسرائیلی فوج نے غزہ کی سرحد پر مزید دستے بھیجنے کا اعلان کیا۔ اسرائیلی وزیر دفاع پہلے ہی 5 ہزار ریزور فوجیوں کو متحرک کرنے کا حکم دے چکے ہیں۔

فضائی حملوں کا سلسلہ کا آغاز کیسے ہوا

اسرائیل نے بنیادی حقوق اور مذہبی آزادی کی دھجیاں بکھیرتے ہوئے جمعتہ الوداع کے موقع پر مسجد اقصیٰ میں نماز کی ادائیگی کے لیے آنے والوں فلسطینیوں پر طاقت کا استعمال کیا۔ 27 ویں شب کو بھی اسرائیلی فوج نے فلسطینیوں کو عبادت سے روکنے کی کوشش کی جس پر جھڑپ پوئی اور کئی فلسطینی نوجوانوں کو حراست میں لے لیا گیا۔

گرفتاری کے وقت فلسطینی نوجوانوں کے مسکراتے چہرے

مسلح اسرائیلی فوجیوں نے نہ صرف عبادت سے روکا بلکہ احتجاج کرنے پر نہتے اور پر امن فلسطینی نوجوانوں کو گرفتار کرنا شروع کردیا۔ اس موقع پر دنیا نے عزم و ہمت کی ایک نئی داستان رقم ہوتے دیکھی جب فلسطینی کسی خوف اور دباؤ کے بغیر مسکراتے ہوئے گرفتاریاں دیتے رہے۔

شیخ جراح میں فلسطینوں کی جبری بے دخلی اور یہودی کی آبادکاری

مشرقی بیت المقدس کے اہم علاقے شیخ جراح میں فلسطینی املاک کو تباہ اور فلسطینوں کو بے دخل کیا جا رہا ہے جس کی وجہ سے کئی دن سے حالات کشیدہ ہیں۔ سیکیورٹی فورسز اور فلسطینیوں کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں۔





اس علاقے میں اسرائیل کی عدالت عظمیٰ نے ایک یہودی آباد کار تنظیم کے حق میں حکم جاری کیا تھا جس سے انہیں فلسطینیوں کو بےدخل کرنے کا اختیار مل گیا تھا۔ سپریم کورٹ کے اس فیصلے کے خلاف 70 سے زیادہ افراد نے اپیل دائر کی تھی جس پر پیر کو سماعت ہونی تھی لیکن عدالت نے سماعت ملتوی کر دی تھی۔




حماس کا مؤقف

فلسطین کی جدوجہد آزادی کی تنظیم حماس کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج نے مقدس مقام مسجد الاقصیٰ میں نہ صرف عبادت سے روکا بلکہ وہاں آگ بھی لاگئی جب کہ شیخ جراح میں فلسطینوں کو غیر قانونی طور پر ان کے گھروں سے بے دخل کیا جا رہا ہے جس کا اسرائیل کو جواب دیا جائے گا۔

واضح رہے کہ غزہ کا کنٹرول 2007 سے جدوجہد آزادی فلسطین کی تحریک حماس کے پاس ہے اور تب سے تین بار جنگیں ہوچکی ہیں اور جھڑپوں کا سلسلہ بھی جاری رہتا ہے۔

اقوام متحدہ اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تحقیقات کرائے، فلسطین


سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس میں فلسطین کے اقوام متحدہ میں نمائندے ریاد منصور نے اقوام متحدہ کی خاموشی پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی مظالم نفرت انگیز قتل عام ہے جس کی شدید مذمت کی جانی چاہیئے۔ انہوں نے اسرائیلی فوجی آپریشن کو روکنے کے علاوہ ہلاکتوں کی تحقیات کرانے کا مطالبہ بھی کیا۔


اجلاس میں اسرائیلی حملوں سے ہونے والی ہلاکتوں پر ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی۔





او آئی سی، پاکستان اور عرب لیگ کی اسرائیلی حملوں کی مذمت




اسرائیلی حملوں پر ریاض میں بلائے گئے او آئی سی تنظیم کے ہنگامی اجلاس میں اسرائیلی جارحیت پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا گیا اور فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی فوج کی جانب سے 'وحشیانہ' قوت کے استعمال کی مذمت کی گئی جب کہ عرب لیگ اور پاکستان سمیت کئی اسلامی ممالک نے بھی اسرائیلی حملوں کی مذمت کی ہے۔

سعودی عرب کا فلسطینیوں کی حمایت کا اعلان


سعودی عرب کے سفیر نے بیت المقدس سے فلسطینی باشندوں کو طاقت کے ذریعے بے دخل کرنے کی اسرائیلی کوششوں کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب فلسطینیوں کی حمایت جاری رکھے گا اور مشرقی بیت المقدس کو آزاد اور خود مختار فلسطینی ریاست کا دارالحکومت بنانے کی کوششوں میں فلسطینیوں کی حمایت کرے گا۔

واضح رہے کہ اقوام متحدہ، اور امریکا سمیت کئی ممالک نے اسرائیل اور حماس سے تحمل سے کام لینے اور جھڑپوں کے خاتمے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فریقین پرتشدد کارروائیوں سے باز رہیں تاکہ خطے میں امن کا قیام ممکن ہوسکے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |