خصوصی تفتیشی پولیس نے5گینگ وارکارندے گرفتارکرلیے

تفتیشی پولیس سکھن نے 8 ملزم گرفتار کرلیے،فاروق اعوان،عباس رضوی کی پریس کانفرنس


Staff Reporter January 16, 2014
ملزم شان عرف شانی ، توحید ، عبید اﷲ ، خالد اور رئیس حبیب کو گرفتار کرکے ایک دستی بم اور3 پستول برآمد کیے ہیں،پولیس۔ فوٹو:آن لا ئن

اسپیشل انویسٹی گیشن پولیس اور سکھن انویسٹی گیشن پولیس نے مختلف کارروائیوں میں ٹارگٹ کلنگ ، قتل ، اقدام، قتل ، بھتہ خوری اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث 13ملزم گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کر لیا۔

ایس ایس پی اسپیشل انویسٹی گیشن فاروق اعوان نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ ایس آئی یو پولیس نے پاک کالونی اور اورنگی ٹائون سے لیاری گینگ وار سے تعلق رکھنے والے5 ملزم شان عرف شانی ، توحید ، عبید اﷲ ، خالد اور رئیس حبیب کو گرفتار کرکے ایک دستی بم اور3 پستول برآمد کیے ہیں، ملزم شان نے نومبر2013 کو نشتر روڈ پر رکشے کے شو روم پر دستی بم پھینکا تھا جبکہ ملزم نے ساتھیوں کے ہمراہ جون 2013 میں لسبیلہ چوک پر سیاسی جماعت سے تعلق رکھنے والے سرفراز، مختیار اور نوید کو فائرنگ کر کے قتل اور حاجی مرید گوٹھ میں گینگ وار کے دوران انور بلوچ کو قتل کیا تھا،ملزمان عبیداﷲ اور توحید اورنگی ٹائون میں بھتہ نہ دینے والے دکانداروں کی دکانوں پر فائرنگ کیا کرتے تھے، گرفتار ملزم خالد نے2007 میں شاہانی اور رحمن نامی افراد کو قتل کیا اس کے علاوہ گرفتار ملزم رئیس حبیب صادق آباد میں بینک ڈکیتی کا اشتہاری ملزم ہے۔



ادھر ایس ایس پی انویسٹی گیشن ایسٹ زون ٹو ڈاکٹر عباس رضوی نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ سکھن انویسٹی گیشن پولیس نے سنگین جرائم میں ملوث 8 ملزمان بلال ولد ہاشم ، عبدالمتین ولد حضرت گل،اسماعیل عرف لشکری ولد طیب ،مسعود شاہ ولد منیر شاہ ، مصطفیٰ، مشتاق، سجاد اور وقاص کو گرفتار کر کے اسلحہ اور مسروقہ سامان برآمد کر لیا جبکہ 26 اکتوبر 2013 کو اپنے چچا محمد موسیٰ کو گلا دباکر قتل کرنے والے ملزم بلال ولد ہاشم خان بھی گرفتار کرلیا گیا ہے،سکھن تفتیشی پولیس نے 2 مفرور ملزمان عبدالمتین ولد حضرت عمر اور اسماعیل عرف لشکری ولد طیب کو گرفتار کر لیا، پولیس نے بھتہ خوری کے مقدمے میں ملوث مسعود شاہ ولد منیر شاہ کو گرفتار کر لیا، سکھن تفتیشی پولیس نے 4 ڈکیت مصطفی، مشتاق ، سجاد اور وقاص کو گرفتار کر کے50 لاکھ مالیت کے مویشی اور 2 مزدا ٹرک اور اسلحہ برآمد کرلیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں