صدر پاکستان عارف علوی کا فلسطینی ہم منصب محمود عباس کو خط

اسرائیلی اقدامات انسانی حقوق، بین الاقوامی قوانین اور اِنسانی اقدار کے خلاف ہیں،صدر پاکستان


ویب ڈیسک May 13, 2021
پاکستان مسئلہ فلسطین کے منصفانہ حل کیلئے اپنی غیر متزلزل حمایت جاری رکھے گا، صدر پاکستان۔ فوٹو:فائل

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے فلسطینی ہم منصب محمود عباس کو خط لکھ کر اسرائیلی فوج کے مسجد اقصیٰ پر حملوں پر اظہارِ تشویش کیا۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے فلسطین کے صدر محمود عبّاس کو خط لکھا، جس میں رمضان المبارک کے مقدس ماہ میں قابض اسرائیلی فوج کی جانب سے مسجد اقصیٰ پر متشدد حملوں پر اظہارِ تشویش کیا، اور فلسطینی صدر اور عوام کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

صدرمملکت نے حملوں میں شہید ہونے والوں کیلئے اظہارِ افسوس اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کرتے ہوئے فلسطینی صدر سے کہا کہ معصوم بچوں اور فلسطینیوں کے قتل پر آپ کے پاکستانی بہن بھائی آپ کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ اور پاکستان فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی تشدد اور غیر قانونی اقدمات کی پرزور مذمت کرتا ہے۔

صدرعارف علوی کا کہنا تھا کہ اسرائیلی اقدامات انسانی حقوق، بین الاقوامی قوانین اور اِنسانی اقدار کے خلاف ہیں، ہم فلسطینیوں کے حقوق کے لئے آواز بلند کرتے رہیں گے، فلسطین کے حقوق کیلئے بین الاقوامی برادری کو متحرک کرنے کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔

صدر پاکستان نے کہا کہ پاکستان سیکیورٹی کونسل کی قراردادوں کے مطابق اور ایک آزاد، پائیدار اور جغرافیائی طور پر متصل فلسطینی ریاست کا حامی ہے، پاکستان 1967 سے قبل کی سرحد اور القدس شریف بطور فلسطینی دارلحکومت کا حامی ہے، پاکستان مسئلہ فلسطین کے منصفانہ حل کیلئے اپنی غیر متزلزل حمایت جاری رکھے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |