سلمان خان کی فلم' رادھے: یور موسٹ وانٹد بھائی' ریلیز کے ایک گھنٹے بعد ہی آن لائن پائریسی کے پلیٹ فارم پر آگئی ہے۔
سلمان خان نے گزشتہ روز ہی اپنےٹوئٹر اکاؤنٹ پر فلم کی ریلیز کا اعلان کرتے ہوئے لکھا تھا' انتظار کی گھڑیاں ختم، بالاخر رادھے آگئی ہے! رادھے کو مختلف پلیٹ فارمز اور تھیٹرز میں دیکھیں۔
سلمان خان نے اپنے انسٹا گرام اکاؤنٹ پر بھی ویڈیو پوسٹ کی تھی، جس میں انہوں نے فینزسے عید پر ریلیز ہونے والی فلم 'رادھے' کوآفیشل پے پر کلک پلیٹ فارم پر دیکھنے کی درخواست کی تھی۔
ویڈیو پوسٹ میں سلمان خان نے اپنے فینز سے کہا تھا کہ ' ایک فلم بنانے کے لیے بہت سارے لوگ سخت محنت کرتے ہیں، لیکن جب لوگ پائریسی کے ذریعے فلم دیکھتے ہیں تواس بات کا مجھے بہت دکھ ہوتا ہے۔ میں آپ سب سے عہد لینا چاہتا ہوں کہ آپ صحیح پلیٹ فارم پر میری فلم سے لطف اندوز ہوں گے۔ اس عید پر ناظرین کی طرف سے 'نو پائریسی ان انٹر ٹینمینٹ' کا عہد کیا جائے گا۔'
لیکن سلو بھائی کی اس پوسٹ کے ایک گھنٹے بعد ہی فلم رادھے پائریسی کے آن لائن پلیٹ فارمز پر ناظرین کے لیے مفت میں دست یاب تھی۔ تاہم سلمان خان کے فینز نے اپنے وعدے کی لاج رکھتے ہوئے سلمان خان اور فلم کی ٹیم کو پائریسی کی خبر دینا شروع کردی۔
ایک صارف نے ٹوئٹر پر فلم کے اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا' فلم رادھے ویب سائٹ، ٹیلی گرام اور بہت سی پائریٹڈ ویب سائٹس پر دست یاب ہے۔
یاد رہے کہ پربھو دیوا کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم میں ڈیشا پٹنی، جیکی شیروف، ارجن کننگو اور رندیپ ہدا بھی کام کر رہے ہیں۔