پی ایس ایل کے بقیہ مقابلے ابوظبی میں ہوں گے معاملے طے پاگئے

باضابطہ اعلان آج متوقع، ایونٹ کے لیے 400 افراد کے ویزوں کی درخواستیں جمع کروائی جائیں گی


Abbas Raza May 16, 2021
ایونٹ کیلیے 400 افراد کے ویزوں کی درخواستیں جمع کروائی جائیں گی ۔ فوٹو : فائل

پی ایس ایل سکس کے بقیہ میچز کی میزبانی کے لیے ابوظبی سے معاملات طے پاگئے جس کا باضابطہ اعلان آج متوقع ہے۔

ایکسپریس کے مطابق کورونا کیسز میں اضافہ کی وجہ سے مارچ کے پہلے ہفتے میں ملتوی ہونے والی پی ایس ایل 6 کے باقی میچز جون میں کراچی میں کروانے کا فیصلہ کرتے ہوئے شیڈول بھی جاری کردیا گیا لیکن پاکستان میں وائرس کا پھیلاؤ زیادہ ہونے کے پیش نظر فرنچائزز نے مقابلے یواے ای میں کروانے کی تجویز پیش کی تھی، پی سی بی نے میزبان بورڈ سے رابطہ بھی کیا مگر اس دوران امارات نے نئی سفری پابندیاں عائد کردیں۔

انتظامی امور کے لیے وقت بہت کم رہ جانے کی وجہ سے پی سی بی نے اپنا خصوصی وفد یواے ای بھیجا تھا جو 4 روز سے کسی نتیجے تک پہنچنے کی کوشش کررہا تھا، ذرائع کا کہنا ہے کہ یو اے ای میں مقابلوں کے لیے مثبت پیش رفت ہوئی ہے، باقی 20 میچز کی میزبانی کے لیے ابوظبی سے معاملات طے پاگئے ہیں جب کہ ایونٹ میں شرکت کیلیے 400 افراد کے ویزوں کی درخواستیں جمع کروائی جائیں گی۔

یاد رہے کہ غیر یقینی صورتحال میں بورڈ نے کراچی میں میچز کا آپشن بھی کھلا رکھا تھا، اگر بوجوہ امارات میں مقابلوں کا انعقاد نہ ہوتا تو قبل ازیں طے پانے والے شیڈول کے مطابق شہر قائد میں میزبانی کی جاتی۔

گزشتہ چند روز سے ملک میں کورونا کیسز کی شرح میں مسلسل کمی سے بھی پی سی بی کا حوصلہ جوان ہوا، بہرحال اب ابوظبی میں میں میچز کا امکان روشن ہوگیا، باضابطہ اعلان آج متوقع ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں