عُود عید اور دید

عیدالفطر یا عرف عام میں میٹھی عید یا چھوٹی عید ہمارے لیے دینی و دنیوی ہر لحاظ سے باعث مسرت ہے۔


عیدالفطر یا عرف عام میں میٹھی عید یا چھوٹی عید ہمارے لیے دینی و دنیوی ہر لحاظ سے باعث مسرت ہے۔فوٹو : فائل

زباں فہمی نمبر 97

عید کا چاند نظر آئے تو کیا روزہ دار، کیا روزہ خور، کیا غریب، کیا امیر، سبھی کے چہرے کھِل اُٹھتے ہیں۔ یہ الگ بات کہ رمضان المبارک کے پُرنور مہینے کے بعد، عیدالفطر کی بہار اپنی جگہ بہت اہم، مگر معاشرتی تفاوت کی وجہ سے غریب اور متوسط طبقے کی عید اُس طرح نمایاں نہیں ہوتی جیسے امیروں کی ہوتی ہے۔

ہم اپنے دین کی تعلیمات بھی اپنے اپنے مفاد اور موقع دیکھ کر یاد کرتے اور اُن پر عمل کرتے ہیں۔ حساس ذہن والا شخص تو کبھی خاموش نہیں رہتا اور ایسے میں اگر وہ شاعر یا نثرنگار ہوتو اپنا تأثر بھرپور انداز میں پیش کیے بغیر نہیں رہتا۔جدید اردو شعراء میں 'عید کے چاند' کے موضوع پر شاید ہی کسی نے ساغرؔ صدیقی سے بہتر طبع آزمائی کی ہو۔ ساغرؔ صدیقی نے کہا تھا:

چاک دامن کو جو دیکھا تو ملا عید کا چاند

اپنی تصویر کہاں بھول گیا عید کا چاند

اُن کے اَبروئے خمیدہ کی طرح تیکھا ہے

اپنی آنکھوں میں بڑی دیر چُبھا عید کا چاند

جانے کیوں آپ کے رُخسار مہک اُٹھتے ہیں

جب کبھی کان میں چُپکے سے کہا عید کا چاند

دُور ویران بسیرے میں دیا ہو جیسے

غم کی دیوار سے دیکھا تو لگا عید کا چاند

لے کے حالات کے صحراؤں میں آجاتا ہے

آج بھی خُلد کی رنگین فضاء عید کا چاند

تلخیاں بڑھ گئیں جب زیست کے پیمانے میں

گھول کر دَرد کے ماروں نے پیا عید کا چاند

چشم تو وُسعت ِ افلاک میں کھوئی ساغرؔ

دل نے اک اور جگہ ڈھونڈ لیا عید کا چاند

عید کا عُود سے بڑا گہرا تعلق ہے۔ {یہ وہی عُود ہے جس کا شمار آج بھی بیش قیمت عطور (عطر کی جمع) میں ہوتا ہے}۔ عُود کا لغوی مطلب ہے، لَوٹ کر واپس آنے والی چیز، چونکہ عید سال پورا ہونے پر دوبارہ آتی ہے، اس لیے اسے یہ نام دیا گیا۔ اور عید کی خوشیاں مناتے مناتے یہ بھی یاد رہے کہ جو لوگ سنت رسول (ﷺ) کی ہمہ وقت اتباع کرتے ہیں، وہ دیگر خوشبوؤں کی طرح، عُود بھی استعمال کرتے ہیں۔

عید کے موضوع پر اردو کے اولین عوامی شاعر نظیر اکبرآبادی نے کیا خوب کہا تھا:

عید۔ کلام:نظیر اکبرآبادی

یوں لب سے اپنے نکلے ہے اب بار بار آہ

کرتا ہے جس طرح کہ دل ِبے قرار آہ

ہم عید کے بھی دن رہے امیدوار آہ !

ہو جی میں اپنے عید کی فرحت سے شاد کام

خوباں سے اپنے اپنے لیے سب نے دل کے کام

دل کھول کھول سب ملے آپس میں خاص و عام

آغوش خلق گل بدنوں سے بھرے تمام

خالی رہا پر ایک ہمارا کنار آہ!

کیا پوچھتے ہو شوخ سے ملنے کی اب خبر

کتنا ہی جستجو میں پھرے ہم اِدھر اُدھر

لیکن ملا نہ ہم سے وہ عیار، فتنہ گر

ملنا تو اک طرف ہے عزیزو کہ بھر نظر

پوشاک کی بھی ہم نے نہ دیکھی بہار آہ!

رکھتے تھے ہم امید یہ دل میں کہ عید کو

کیا کیا گلے لگاویں گے دل بر کو شاد ہو

سو تو وہ آج بھی نہ ملا شوخ حیلہ جو

تھی آس عید کی سو گئی وہ بھی دوستو

اب دیکھیں کیا کرے دلِ امیدوار آہ!

اس سنگ دل کی ہم نے غرض جب سے چاہ کی

دیکھا نہ اپنے دل کو کبھی ایک دم خوشی

کچھ اب ہی اس کی جورو تعدّی نہیں نئی

ہر عید میں ہمیں تو سدا یاس ہی رہی

کافر کبھی نہ ہم سے ہوا ہمکنار آہ!

اقرار ہم سے تھا کئی دن آگے عید سے

یعنی کہ عید گاہ کو جاویں گے تم کو لے

آخر کو، ہم کو چھوڑ گئے ساتھ اور کے

ہم ہاتھ ملتے رہ گئے اور راہ دیکھتے

کیا کیا غرض سہا ستم انتظار آہ

کیوں کر لگیں نہ دل میں مرے حسرتوں کے تیر

دن عید کے بھی مجھ سے ہوا وہ کنارہ گیر

اس درد کو وہ سمجھے جو ہو عشق کا اسیر

جس عید میں کہ یار سے ملنا نہ ہو نظیرؔ

اس کے اُپر تو حیف ہے اور صد ہزار آہ!

(اُپَر: اوپر)

عیدالفطر یا عرف عام میں میٹھی عید یا چھوٹی عید ہمارے لیے دینی و دنیوی ہر لحاظ سے باعث مسرت ہے۔ (ضمنی نکتہ: درست لفظ دُنیَوی ہے ، 'ے' پر زبر کے ساتھ، دنیاوی نہیں)۔ اصل خوشی تو خدا کے اُن نیک بندوں کی ہوتی ہے جو رمضان المبارک کے پورے روزے، پورے اہتمام سے رکھتے ہیں، فرائض وسُنَن و نوافل کا خوب خوب التزام کرتے ہیں اور ہمہ وقت اپنے رب کو راضی کرنے میں مشغول رہتے ہیں۔

دینی حوالے سے تو یہ تصور مستحکم ہے، مگر دنیا دار عید کو بھی کسی دنیوی تہوار (تیوہار) کی طرح اور کسی بھی دین دار سے کہیں زیادہ جوش و خروش سے مناتے ہیں۔ جو روزہ نہیں رکھتے، عبادت سے کوسوں دور ہوتے ہیں، اُنھی کی خریداری اور ہر طرح کی شوشا، سب سے بڑھ کر ہوتی ہے۔ ان سطور کا راقم ایک شاعر ہے۔ ہمارے یہاں شاعر کا روایتی تصور اب بھی بہت سے اذہان میں یہی ہے کہ ''بالکل فارغ، عیش پرست، فقط داد و شہرت کے طالب ....'' سو جب عید کی بات ہوتی ہے تو اُن کا حوالہ بھی اس قسم کے اشعار ہوا کرتے ہیں:

ع: ہر شب، شب ِبرات ہے، ہرروز عید ہے

سوتا ہوں ہاتھ گردنِِ مِینا میں ڈال کر

(آتشؔ)

(پہلا مصرع یوں غلط مشہور ہے: ہرروز، روز ِعید ہے، ہر شب، شبِ برات)

اب شرعی اعتراض تو وارد ہوتا ہے، مگر شاعر کو اِس سے کیا۔ ویسے بھی اُس نے کون سا 'شب برأت' کہا تھا۔ اور بات یہیں پر نہیں رکتی، بلکہ لمس (اور قرب) کی اہمیت عاشق کی نظر میں اتنی اہم ہوتی ہے کہ وہ کہتا ہے :

ہے روز عید، رنجش خاطر کو دو سلام

آؤ گلے لگو مِرے، کیسی نہیں نہیں

(مفتی صدرالدین آزُردہؔ)

]لطف کی بات یہ ہے کہ انگریز کے ہاتھوں معتوب ہونے والے، میرزاغالبؔ کے یہ دوست، مفتی صاحب اپنے وقت کے ممتاز سخنور، اردو میں جدید علوم کے ابتدائی مباحث میں شریک اور جَیّد عالم دین تھے[۔ یہ وہی بات ہے جو دیگر شعراء نے قدرے فرق سے بیا ن کی:

عید کا دن ہے، گلے آج تو مل لے ظالم

رسم دنیا بھی ہے، موقع بھی ہے، دستور بھی ہے

( پہلامصرع یوں بھی مشہور ہے، مگر غلط ہے: عید کا دن ہے، گلے ہنس کے لگا کر ملئے)

عید کے دن جب عاشقِ زار کو کسی غیر سے یا رقیب سے گلے ملنا پڑجائے تو وہ بے اختیار پکار اٹھتا ہے:

ع : محفل میں تیری عید کے دن، میرے گلے سے

وہ کون سا 'فتنہ' ہے جو اُٹھ کر نہیں ملتا

عیدالفطر اَب اس طرح کم منائی جاتی ہے جس طرح آج سے بہت سال قبل منائی جاتی تھی۔ عید کا چاند دیکھنے کا اہتمام کیا جاتا تھا، ہلال کی دید کے بعد، بزرگوں کو سلام کرتے ہوئے دعائیں لی جاتیں اور پھر عید کے لباس، پکوان سمیت تمام امور کا سلسلہ جاری ہوتا۔ رمضان المبارک میں ایک مصروفیت، عمدہ نمونے اور اچھے اشعار سے مزین، مرصع عید کارڈ کی تلاش اور اسے اپنے احباب ، اعزہ اور واقفین کو ڈاک سے ارسال کرنے کی بھی ہوا کرتی تھی جو انٹرنیٹ، موبائل فون اور واٹس ایپ جیسے جدید طریقہ ہائے ربط و ضبط نے تقریباً ختم کردی۔



ڈاک کا محکمہ بھی اس قدر بدنام ہوچکا ہے کہ لوگ اتنی زحمت اٹھانا پسند نہیں کرتے۔ دوسروں کی بات ہی کیا یہ خاکسار بھی اس ضمن میں 'جدت پسند' یا 'جدیدیت زدہ' ہوچکا ہے۔ بات کی بات ہے کہ اَب عید کارڈ بھی پہلے جیسے نہیں رہے، بس سب کچھ بدل گیا ہے۔ پیار کا سلسلہ بھی Fast forward ہے اور اظہار کا طریقہ بھی۔ اب تو لوگ ''سب کچھ '' کرکے، اخلاقاً ILU=I love you کہہ دیتے ہیں اور ایسا تو زندگی میں باربار بھی ہوتا رہتا ہے۔ اب وہ پہلے جیسا دقیانوسی، You know....Out datedکتابی عشق تو رہا نہیں کہ اظہارالفت کو بھی اک عمر درکار ہوتی، اور تو اور، کچھ کا تو یہ حال ہوتا:

ع: کٹ گئی احتیاط ِ عشق میں عُمر

ہم سے اظہار ِ مدعا نہ ہوا

(حسرتؔ موہانی)

اب تو اکثر لوگ، رمضان شریف کے اواخر میں، رات گئے یا ساری رات بازاروں میں گھومتے پھرتے رہتے ہیں، تھکن سے چُور گھر آتے ہیں تو عالَم یہ ہوتا ہے کہ بعض تو عید کی نماز پڑھے بغیر ہی سوجاتے ہیں اور دن چڑھے سوکر اٹھتے ہیں۔ رہا چاند تو اَب اُس کا وہ دینی کیا رومانوی تصور بھی کتابوں میں رہ گیا جس پر ہر چھوٹا بڑا شاعر، حتیٰ کہ تُک بند بھی طبع آزمائی ضرور کرتا۔ ایسے اشعار تو اَب کتابوں کی زینت ہیں:

دیکھا ہلا ل عید تو احساس یہ ہوا

لو ایک سال اور جدائی میں کٹ گیا

۔۔٭۔۔۔

ہلال عید کا ہم باہم دیکھتے ہیں

گلے مِل رہی ہیں ہماری نگاہیں

۔۔٭۔۔۔

ہلال عید کو دیکھو تو روک لو آنسو

جو ہوسکے تو محبت کا احترام کرو

۔۔٭۔۔۔

تیری پیشانی پہ تحریر پیام عید ہے

شام تیری کیا ہے، صبح عیش کی تمہید ہے

]عموماً پہلی تاریخ کے چاند کو ہلال کہا جاتا ہے، مگر اہل عرب کے نزدیک ، ابتدائی دو اور آخری دو راتوں کا چاند ہلا ل ہوتا ہے، جبکہ پورے چاند کو بَدر اور دیگر تاریخوں میں قمر کہتے ہیں۔ ہلال کے لیے لفظ 'غرّہ ' بھی استعمال ہوتا ہے جیسا کہ علامہ اقبال نے استعمال کیا[

غرّہ شوال! اے نورنگاہ روزہ دار

آکہ تھے تیرے لیے مسلم سراپا انتظار

اور علامہ اقبال نے کسی اور موقع پر کسی کی فرمائش پر عید کی مناسبت سے ایسے اشعاربھی لکھے تھے:

پیام عیش ومسرت ہمیں سناتا ہے

ہلال عید ہماری ہنسی اڑاتا ہے

]تعجب کی بات ہے کہ اردو کا دامن اس قدروسیع ہے کہ پورے چاند کے لیے تو ہمارے پاس بدر، بدرِکامل، ماہ ِکامل، پُونَم اور ماہِ تمام جیسے الفاظ موجود ہیں، مگر پہلی کے چاند کے لیے ہلال اور غرّہ کے سوا کچھ نہیں[

رمضان شریف میں سرعام کھانے پینے کی پابندی سے کوئی مسئلہ ہو نہ ہو، اکثر نام نہاد ''روشن خیال'' اس سے بہت چڑِتے ہیں کہ یہ اُن کے خیال میں زیادتی ہے۔ وہ تو صرف پینے ہی میں اتنا آگے جانا چاہتے ہیں کہ ''کھُل کر'' پئیں، نام کے مسلمان بھی کہلائیں اور Liberals میں بھی شمار ہوتا رہے، گویا وہی معاملہ ہے کہ بقول جلالؔلکھنوی
شب کو مئے خوب سی پی، صبح کو توبہ کرلی
رِند کے رِند رہے، ہاتھ سے جنت نہ گئی
عید کے رسم و رواج میں بھلے ہی کمی بیشی ہوگئی ہو، عیدی کا تصور اَبھی برقرار ہے ، یہ اور بات کہ اَب عیدی کا بڑا حصہ فقط بچوں ہی کی نذر ہوتا ہے۔ لغات پر نظر ڈالیں تو عیدی کی یہ تعریف سامنے آتی ہے:
عیدی۔ اسم مؤنث: (۱)۔ عید کا انعام، عید کا خرچ جو بچوں کو دیا جائے۔ (۲)۔ وہ نظم جو استادلوگ بچوں کو عید سے ایک روز قبل، کسی خوش نما کاغذ پر لکھ کر عید کی مبارک باد دیتے ہیں اور اس میں حق استادی وصول کرتے ہیں۔ (۳)۔ وہ مٹھائی اور نقدی وغیرہ جو عید کے دن سسرال سے آئے یا سسرال میں بھیجی جائے ۔(۴)۔ وہ خوش نما کاغذ جس پر عید کے اشعار یا قطعہ لکھتے ہیں۔
میں وہ مجنوں ہوں کہ میرا کاغذِ تصویر بھی
مثلِ عیدی باعثِ خوشنودی ٔ اطفال ہے
(ذوقؔ)
اب عوام کیا خواص کیا، رمضان شریف کی رخصت کے ساتھ ہی سب کچھ رَوا ہوجانے کا خیال عام ہے اور آج سے نہیں، بلکہ صدیوں سے ایسے لو گ ہر دور میں موجود رہے جو عید کی آمد پر سب کچھ کرنا درست سمجھتے، یا، کم از کم عملاً ایسا ظاہر کرتے تھے۔ فارسی غزل کے اتباع میں ہمارے اساتذہ سخن (قُدَماء، متقدمین اور متأخرین سمیت) ایسے مضامین بھی نظم کرتے آئے ہیں:
آج بھی منع بادہ اے زاہد
تِرے نزدیک عید، عید نہیں
(شیفتہؔ)
زمانہ ہوغم گیں بلا سے تِری
تِرے گھر میں تو عید قاتل ہوئی
(رندؔلکھنوی)
(خالص تغزل کی خاطر عید کا مثبت تصور ہی غارت کردیا)
مگر اس سے قطع نظر بعض ایسے عمدہ اشعار بھی دیکھنے کو مل جاتے ہیں:
اللہ رے صبح ِعید کی، اُس شوخ کو خوشی
شانہ ہے اور زلف ِ مُعَنبر تمام رات
(آتش)
سب لوگ دیکھتے ہیں کھڑے چاند عید کا
مشتاق ہوں میں رشک قمر تیری دید کا
(بہادرشاہ ظفرؔ)
اب ہم لغات سے استفادہ کرتے ہوئے عید کا ذکر کرتے ہیں۔ عید سے متعلق اشعار کی طرح، محاورے بھی بہت ہیں، مگر یہاں صرف عیدالفطر کی نسبت سے ہی محاورے نقل ہوں گے:
محاورے میں عید کا چاند ہونا سے مراد وہ شخص جسے مدت دراز کے بعد، عین حالت انتظار یا حالت اشتیاق میں دیکھا جائے:
کبھی دکھاتا ہے صورت میں برسویں دن
غرض وہ مہر ِ لقا، چاند عید کا ٹھہرا
(اسیرؔلکھنوی)
کب سے شب فراق ہوں مشتاق دید کا
خورشید ہوگیا ہے مجھے چاند عید کا
(داغؔ)
آپ تو حق میں مِرے ہوگئے اب عید کا چاند
کہ برس دن میں ادھر آج کرم تم نے کیا
(معروفؔ)
عیدمنانا: گر میکدے میں عید منائی تو کیا ہوا
ایسا ہی شیخ تیرا دوگانہ قضا ہوا
(داغؔ)
عید ہونا یا ہوجانا۔ فعل لازم: عیدکا تہوار ہونا۔ نیز انتہائی خوشی ہونا، مراد برآنا
خدا شاہد ہے مجھ کو عید ہوتی
گلے سے تو نے لپٹایا تو ہوتا
(ممتازؔ)
یقیں جاں اس کو اے قاتل اسی دن عید ہوجائے
گلا جس روز رکھ دوں مَیں تِری تیغ ہلالی پر
(اسیرؔلکھنوی)
ماتم ِ غیر میں تمھیں دیکھا
ورنہ یہ عید کس کے گھر نہ ہوئی
(داغؔ)
۔۔۔٭۔۔۔
ہوتی تھی مجھ کو عید سمندر میں اُس گھڑی
ٹھیرا جہاز جب کوئی ٹاپو نظر پڑا
۔۔۔٭۔۔۔
قتل کی سُن کے خبر، عید منائی مَیں نے
آج جس سے مجھے ملنا تھا گلے مل آیا
۔۔۔٭۔۔۔
عید کے پیچھے چاندمبارک۔ کہاوت: تہوارگزرنے کے بعد مبارک باد دینا۔
عید کے پیچھے ٹر۔ کہاوت: برات کے پیچھے دھونسا۔ وقت گزر جانے کے بعد، یا، بے موقع کسی کام کا کرنا، کیوں کہ جب تہوار نکل گیا تو خوشی کیسی اور جب برات چڑھ چکی تو باجے کس کام کے۔ (ٹرپنجاب کا ایک میلہ تھا جو عید کے دوسرے روز باغوں میں منایا جاتا تھا، یہ بعد میں دہلی میں بھی ہونے لگا۔ یہی وجہ ہے کہ اہل پنجاب باسی عید کو ''ٹرو'' کہتے ہیں۔)
ہمارے یہاں گائو ں دیہات میں یہ روا ج بھی عام ہے کہ عید کے دن پیدا ہونے والے بچے کا نام عید یا عیدو رکھ دیا جائے۔ دل چسپ بات یہ ہے کہ دروغ برگردن راوی، یوگینڈا کے سابق صدرعیدی امین (مرحوم) کا یہ نام اسی لیے تجویز ہوا کہ وہ عید کے دن پیدا ہوئے تھے۔
بچوں کے شاعر اور جدید اردو نظم کے معتبر سخنور، مولوی اسمٰعیل میرٹھی نے عید کے موقع پر یہ اصلاحی پیغام دیا تھا:
عید رمضاں ہے آج با عیش و سرور
ہم کو بھی ادائے تہنیت ہے منظور
اس عید سعید کی خوشی میں حضرت
قومی بچوں کو یاد رکھیے گا ضرور
(نوٹ: اس کالم میں خاکسار کے ایک پرانے مضمون سے خوشہ چینی شامل ہے جو روزنامہ ایکسپریس ہی میں بسلسلہ سخن شناسی، اتواری اشاعت کا حصہ بنا تھا، 2017ء میں عیدالفطر کے موقع پر)

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں