لاپتہ افراد کے معاملے پرسپریم کورٹ سے تعاون کیاجائےوزیراعظم

عدالتی احکامات پرعملدرآمدکرایاجائے،چیف سیکریٹری بلوچستان کوہدایت


APP/Numainda Express September 09, 2012
عدالتی احکامات پرعملدرآمدکرایاجائے،چیف سیکریٹری بلوچستان کوہدایت۔ فوٹو: آئی این پی

وزیراعظم راجاپرویز اشرف نے چیف سیکریٹری بلوچستان کو ہدایت کی ہے کہ سپریم کورٹ کے تمام احکامات پر انکی اصل روح کے مطابق عمل درآمد کروایا جائے۔

انھوں نے یہ ہدایت ہفتہ کی شام چیف سیکریٹری بلوچستان بابر یعقوب فتح محمد کے ساتھ تفصیلی اجلاس میں کی جس میں بلوچستان میں امن وامان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم نے لاپتہ افراد کے معاملے پر تمام وفاقی اور متعلقہ صوبائی حکام کو ہدایت کی کہ وہ سپریم کورٹ کی ہر ممکن معاونت کریں اور تفصیلی معلومات اور معاونت فراہم کی جائے۔ اجلاس کے دوران بلوچستان میں پولیس اور ڈسٹرکٹ منیجمنٹ گروپ کے افسران کی تعیناتی کی حالیہ پالیسی کا بھی جائزہ لیا گیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان میں تعینات کیے جانے والے افسران کو نہ صرف اضافی مالی مراعات دی جائیں گی بلکہ انھیں موجودہ سرکاری رہائش گاہیں رکھنے کی بھی اجازت ہوگی، وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان کا مسئلہ اولین ترجیحات میں سے ہے اور وہ جلد ہی بلوچستان کا دورہ کرکے تمام صورتحال کا خود جائزہ لیں گے۔ آئی این پی اور مانیٹرنگ ڈیسک کے مطابق صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم راجا پرویز اشرف نے ہفتہ کو یہاں ایوان صدر میں ملاقات کی۔

اس موقع پر دونوں رہنمائوں نے بھارت سمیت تمام ہمسایہ ممالک سے دوستانہ تعلقات کے قیام اور اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ عوام اور جمہوریت دشمن عناصر کی تمام سازشوں اور رکاوٹوں کا مقابلہ کیا جائیگا، ملاقات میں سیاسی صورتحال ،بھارتی وزیر خارجہ کے دورہ پاکستان ، سندھ میں بلدیاتی نظام پر آرڈیننس کے اجرا پر بعض اتحادی جماعتوں کے رد عمل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، صدر نے وزیراعظم کو کہا کہ وہ اے این پی اور فنکشنل لیگ کی قیادت سے رابطہ کرکے ان سے بات چیت کریں ، صدر نے وزیراعظم اعزازمیں ظہرانہ بھی دیا، دوسری جانب وزیراعظم راجاپرویز اشرف نے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے تھری جی اسپیکٹرم کی شفاف اندازاور قواعد و ضوابط کے مطابق نیلامی کی ہدایت کی ہے، اجلاس میں وزارت کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں