شہباز شریف اپوزیشن کے دن باہر اور اقتدار کے دن ملک میں گزارنا چاہتے ہیں شیخ رشید

میرے پاس کوئی اطلاع نہیں کہ شہباز شریف ڈیل کے نتیجے میں باہر آئے ہیں، شیخ رشید


ویب ڈیسک May 17, 2021
شہباز شریف کو اگر اجازت دی گئی تو واپس لانا مشکل ہوگا، وفاقی وزیر فوٹو: فائل

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ شہبازشریف واحد لیڈر ہیں جو اپوزیشن کے دن باہر اور اقتدار کے دن ملک میں گزارنا چاہتے ہیں

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران شیخ رشید نے کہا کہ کابینہ منظوری کے بعد شہباز شریف کا نام ای سی ایل پر ڈال دیا گیا، شہباز شریف کو اگر اجازت دی گئی تو واپس لانا مشکل ہوگا، شہبازشریف کو باہر جانے دینے سے کیس متاثر ہوتا، شریف خاندان کے 5 افراد پہلے سے مفرور ہیں اور لندن میں بیٹھے ہیں،اثاثہ جات کیس میں تمام ملزمان کےنام پہلے سے ای سی ایل پر ہیں، اب شہبازشریف کانام بھی ڈال دیا گیا۔ کالعدم ٹی ایل پی نے بھی نظرثانی کی درخواست دی ہے، اگر شہباز شریف چاہیں تو درخواست دے سکتے ہیں۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ شہباز شریف نے ضمانت دی تھی کہ نواز شریف کو واپس لائیں گے لیکن شہباز شریف نے نواز شریف کو لانے کی بجائے خود بھاگنے کی کوشش کی، نوازشریف واپس نہیں آئے تو شہباز شریف کو کہاں آنا تھا۔ شہبازشریف واحد لیڈر ہیں جو اپوزیشن کے دن باہر اور اقتدار کے دن ملک میں گزارنا چاہتے ہیں۔

شیخ رشید نے کہا کہ میرے پاس کوئی اطلاع نہیں کہ شہباز شریف ڈیل کے نتیجے میں باہر آئے ہیں، آرمی چیف نے واضح طور پر کہا ہے کہ فوج جمہوری حکومت کےساتھ ہے۔ عمران خان سمجھدار آدمی ہیں، وہ چھٹیوں میں بھی کام کرتے ہیں۔ عمران خان کامیاب ہوں گے اور ملک کو بحران سے نکالیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں