چیئرمین نیب کا رنگ روڈ راولپنڈی منصوبے میں اربوں روپے کی کرپشن کا نوٹس

منصوبے کی تحقیقات بلا امتیاز، میرٹ اور شفاف انداز میں قانون کے مطابق کی جائیں، جاوید اقبال کی نیب راولپنڈی کو ہدایت

ایمان کرپشن فری پاکستان ہے، چئیرمین نیب فوٹو: فائل

چیئرمین نیب جسٹس (ریٹائرڈ) جاوید اقبال نے رنگ روڈ راولپنڈی منصوبے میں مبینہ طور پر اربوں روپے کی بد عنوانی، بے ضابطگیوں اور غیر قانونی لینڈ ایکوزیشن کا نوٹس لے لیا۔

نیب کے جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس (ریٹائرڈ) جاوید اقبال نے رنگ روڈ راولپنڈی منصوبہ میں مبینہ طور پر اربوں روپے کی بد عنوانی،بے ضابطگیوں اور غیر قانونی لینڈ ایکوزیشن کا نوٹس لے لیا ہے، انہوں نے نیب راولپنڈی کو تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ منصوبے کی تحقیقات بلا امتیاز، میرٹ اور شفاف انداز میں قانون کے مطابق کی جائیں، مذکورہ منصوبے کے تمام پہلوؤں کو مد نظر رکھتے ہوئے ذمہ داران کا تعین کا جائے تاکہ ان کو قانون کے مطابق انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جا سکے۔


چئیرمین نیب نے کہا کہ نیب کا ایمان کرپشن فری پاکستان ہے۔ نیب احتساب سب کے لئے کی پالیسی پر سختی سے قائم ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب کے پاس بد عنوان عناصر کے خلاف اربوں روپے کی منی لانڈرنگ،فیک بینک اکاؤنٹس، آمد ن سے زائد اثاثے، اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے قومی خزانہ کو نقصان پہنچانے اور غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے ذریعے قوم کے اربوں روپے لوٹنے والوں کے خلاف ٹھوس شواہد موجود ہیں۔ نیب نے گزشتہ تین سال میں بد عنوان عناصر سے 490 ارب روپے جبکہ اپنے قیام سے اب تک 790 ارب روپے بلاواسطہ اور بالواسطہ برآمد کیے جو کہ ایک ریکارڈ کامیابی ہے۔

جسٹس (ریٹائرڈ) جاوید اقبال نے کہا کہ نیب کا تعلق کسی پارٹی، گروپ اور فرد سے نہیں بلکہ صرف اور صرف ریاست پاکستان سے ہے۔ نیب ملک اور قوم کی دولت لوٹنے والے بد عنوان عناصر کو قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہنچانے کے لئے پر عزم ہے۔
Load Next Story