اپنی ’شیرینی‘ کو دیجیے کچھ نئے رنگ ۔۔۔

تہواروں اور دعوتوں کے موقع پر محض سوئیٹ ڈش بنانے پر اکتفا نہیں کیا جاتا۔


سویرا فلک May 18, 2021
تہواروں اور دعوتوں کے موقع پر محض سوئیٹ ڈش بنانے پر اکتفا نہیں کیا جاتا۔فوٹو : فائل

عید کے دن ہوں اور میٹھے کی ڈش نہ ہو، یہ تو ہو ہی نہیں سکتا گو کہ جس گھر میں میٹھا پسند کرنے والے افراد کی تعداد زیادہ ہو وہاں خاص مواقعوں کے علاوہ بھی میٹھا کثرت سے بنتا ہے مگر تہواروں اور دعوتوں کے موقع پر محض سوئیٹ ڈش بنانے پر اکتفا نہیں کیا جاتا، بلکہ اسے مزید دل پسند بنانے کے لیے مختلف طریقوں سے سجاوٹ کی کوشش بھی کی جاتی ہے۔

اکثر اوقات خواتین کو سوئیٹ پر بادام پستے کی ہوائیاں اور فریش کریم کی تہیں لگانے کے علاوہ کچھ خاص سجاوٹ کے انداز سمجھ نہیں آتے ایسی ہی خواتین کے لیے ہم یہاں سوئیٹ ڈش کو سجانے کے خاص انداز اور طریقے پیش کررہے ہیں۔ آپ اپنی ڈش اور ذوق کے حساب سے کسی انداز کا بھی انتخاب کریں اور سلیقہ مندی کی داد پائیں۔

پسی ہوئی چینی سے سجاوٹ:

اگر آپ کا میٹھا چاکلیٹ یا کسی اور گہرے رنگ کا ہے جیسے چاکلیٹ کے ڈونٹس تو پسی ہوئی چینی کو صاف نمک دانی یا چائے کی چھلنی میں ڈال کر ہلکے ہاتھوں سے پوری ڈش یا مخصوص ترتیب میں چھڑک دیں۔ ہلکے اور گہرے رنگ کی سستی اور آسان ترین سجاوٹ میٹھے کو خاص بنا دے گی۔

جیلی سے سجاوٹ:

مختلف رنگوں میں سے من پسند رنگ کی جیلی بنا کر من پسند شیپ کی برف ٹرے میں (کیوب والی) میں جمالیں اور پھر میٹھے کی سطح پر پھیلا دیں یا پلس (جمع) کی شکل میں جمادیں۔ آپ چاہیں تو دو متضاد رنگ بھی استعمال کر سکتی ہیں۔

بنٹی یا اسپرنکل:

بچوں کی رنگ برنگی بنٹی یا ملٹی کلر اسپرنکل چاکلیٹ ڈونٹس اور کیک کی منٹوں میں سجاوٹ کر دیتے ہیں۔ آپ چاہیں تو اس کام میں بچوں کی مدد بھی لے سکتی ہیں۔ بچے بہت خوشی سے یہ کام کر دیں گے۔

لال یا ہرا شربت:

برسوں سے جانا پہچانا لال یا ہرا سیرپ کی طرح شربت پتلے لمبے نوزل والی بوتل میں ڈال کر ہلکے رنگ کی میٹھے پر لائنوں یا گول دائروں کی شکل میں پھیلاتی جائیں۔ منٹوں میں سوئیٹ ڈش دل لبھانے والی شکل اختیار کر لے گی۔

چاکلیٹ پاؤڈر:

جس طرح پسی ہوئی چینی سے گہرے رنگ کے میٹھے کی سجاوٹ کی جا سکتی ہے بالکل اسی طرح کافی یا چاکلیٹ پاؤڈر کو ہلکے رنگوں سے بنی ہوئی سوئیٹ ڈش جیسے وائٹ کریم کیک یا ونیلا کسٹرڈ کی سجاوٹ کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔

فریش کریم سے سجاوٹ:

بازار میں کوکنگ کون اور نوزل کے ساتھ پھینٹی ہوئی کریم بھی بہ آسانی دست یاب ہے، آپ چاہیں تو کریم میں من پسند فوڈ کلر بھی شامل کر سکتی ہیں، اب کون اور نوزل کی مدد سے اپنے میٹھے کو فلاور سے سجا دیں۔ آپ چاہیں تو ان فلاورز کے اوپر اسپرنکل چھڑک دیں یا چھوٹے سائز کا پھل جیسے چیری رکھ دیں، لیکن ان فلاور کو بنانے کی پریکٹس ضرور کرلیں۔

میوہ جات سے سجاوٹ:

آپ ہوائیاں کا میش یا میوہ جات کا پاؤڈر بنائیں۔ گولائی میں لائنوں میں یا پلس کے نشان سے سوئٹ ڈش سجائیں۔ یہ سجاوٹ دیسی میٹھوں جیسے کھیر اور شیرخرموں کے لیے مناسب رہے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں