کراچی میں پولیس مقابلے کے دوران 3 ڈاکو ہلاک ایک پولیس اہلکار شہید

ڈاکوؤں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے پولیس اہلکارکی شناخت نعمان شاہ کے نام سے ہوئی جو کہ سکھن تھانے میں تعینات تھا،پولیس


ویب ڈیسک May 18, 2021
ڈاکوؤں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے پولیس اہلکارکی شناخت نعمان شاہ کے نام سے ہوئی جو کہ سکھن تھانے میں تعینات تھا،پولیس۔ فوٹو:فائل

لانڈھی بھینس کالونی میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران زخمی ہونے والے 3 ڈاکو ہلاک جب کہ ایک پولیس اہلکار شہید ہوگیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی کے علاقہ لانڈھی بھینس کالونی میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران زخمی ہونے والے 3 ڈاکو دوران علاج دم توڑ گئے جب کہ ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار شہید ہوگیا۔

ایس ایس پی ملیر کے مطابق 6 ڈاکو لانڈھی بھینس کالونی کے علاقے میں لوٹ مار کر رہے تھے جس کی اطلاع ملنے پر پولیس نے کارروائی کی، اس دوران ڈاکوؤں نے پولیس موبائل آتے دیکھ سامنے سے فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار شدید زخمی ہوا، پولیس کی جوابی فائرنگ سے 3 ڈاکو شدید زخمی ہوئے جو دوران علاج دم توڑ گئے جب کہ 3 ڈاکو فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، ہلاک ہونے والے ڈاکوؤں سے اسلحہ برآمد ہوا ہے۔

پولیس کے مطابق مبینہ مقابلے کے دوران ڈاکوؤں کی فائرنگ کا نشانہ بننے والا پولیس اہلکار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر شہید ہوگیا جس کی شناخت نعمان شاہ کے نام سے ہوئی جو کہ سکھن تھانے میں تعینات تھا، اس کی لاش جناح اسپتال منتقل کردی گئی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں