شارجہ ٹیسٹ سری لنکا نے پہلے روز پاکستان کیخلاف 5 وکٹوں پر 220 رنز بنا لئے

سعید اجمل نے 2،جنید خان،محمد طلحہ اور عبدالرحمان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی، انجیلو میتھیوز اور جے وردھنے کریز پر موجود

بلاول بھٹی، محمد حفیظ اور فاسٹ بالر راحت علی کی جگہ اظہرعلی، عبدالرحمان اور نوجوان فاسٹ بالر محمد طلحہ کو موقع دیا گیا ہے۔ فوٹو؛ اے ایف پی

سری لنکا نے 3 ٹیسٹ میچز کی سیریز کے آخری ٹیسٹ کے پہلے روز پاکستان کیخلاف 5 وکٹوں کے نقصان پر 220 رنز بنا لئے۔

شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ کے پہلے روز سری لنکن کپتان اینجلو میتھیوز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، لنکن اوپنرز نے پراعتماد آغاز کیا تاہم 31 رنز پر کوشال سلوا 17 رنز بنا کر محمد طلحہ کی گیند پر وکٹ کیپر سرفراز احمد کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے، سری لنکا کا دوسری وکٹ کا خسارہ کرونا رتنے کی صورت میں ہوا جو لیفٹ آرم اسپنر عبدالرحمان کی گیند پر یونس خان کو کیچ دے بیٹھے جبکہ سری لنکا کے تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی کمار سنگا کارا تھے جو 52 رنز بنا کر جنید خان کا شکار بنے، مہیلا جے وردنے 47 اور دنیش چندی مل 11 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔


لنکن ٹائیگرز کی پے در پے گرتی وکٹوں کو سہارا دینے کیلئے کپتان انجیلو میتھیوز میدان میں آئے اور انہوں نے ٹیم کو سہارا دیا، پہلے روز کھیل کے اختتام تک میتھیوز 24 اور وکٹ کیپر بلے باز پرسانا جے وردھنے 28 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں، پاکستان کی جانب سے سعید اجمل نے 2، جنید خان، محمد طلحہ اور عبدالرحمان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

واضح رہے کہ 3 ٹیسٹ میچز کی سیریز میں سری لنکا کو 0-1 کی برتری حاصل ہے، تیسرے اور اہم ٹیسٹ میچ میں قومی ٹیم میں 3 تبدیلیاں کی گئیں، زخمی بلاول بھٹی، آؤٹ آف فارم محمد حفیظ اور فاسٹ بالر راحت علی کی جگہ اظہرعلی، عبدالرحمان اور نوجوان فاسٹ بالر محمد طلحہ کو موقع دیا گیا ہے۔

 
Load Next Story