قومی بچت اسکیموں کے شرح منافع میں ایک بار پھر کمی
اطلاق آج سے ہوگا، ایک ماہ کے دوران قومی بچت اسکیموں کے منافع کی شرح میں دوسری بار کمی کی گئی ہے
حکومت نے قومی بچت اسکیموں کے شرح منافع میں ایک بار پھر کمی کردی جس کا اطلاق آج سے ہوگا۔
وزارت خزانہ کے نوٹی فکیشن کے مطابق حکومت نے شہداء فیملی ویلفیئر اکاؤنٹس اور پنشنرز بینیفٹ اکاؤنٹس سمیت دیگر بچت اسکیموں پر شرح منافع میں کمی کردی ہے جس کا اطلاق 19 مئی سے ہوگا۔
نوٹی فکیشن کے مطابق شہداء فیملی ویلفیئر اکاؤنٹس اور پنشنرز بینیفٹ اکاؤنٹس کا شرح منافع 11.52 فیصد سے کم کرکے 11.04 فیصد کردیا گیا ہے جبکہ ریگولر انکم سرٹیفکیٹ پر ماہانہ منافع میں 600 روپے کمی کی گئی جس کے بعد ان سرٹیفکیٹس پر منافع 7200 روپے ہوگیا ہے۔
نوٹی فکیشن میں بتایا گیا ہے کہ 5 لاکھ روپے کے شارٹ ٹرم سیونگ سرٹیفکیٹس پر بھی سالانہ منافع میں 500 روپے کمی کردی گئی ہے جس کے بعد یہ منافع 37 ہزار سے کم ہوکر 36 ہزار 500 روپے ہوگیا ہے۔
وزارت خزانہ کے مطابق اسپیشل سیونگ اکاؤنٹس پر منافع 9.20 فیصد سے کم کرکے 9 فیصد کردیا گیا ہے جبکہ ڈیفنس سیونگ سرٹیفکیٹس پر سالانہ منافع کی موجود شرح برقرار رہے گی.
یاد رہے کہ حکومت کی جانب سے ایک ماہ کے دوران قومی بچت اسکیموں کے منافع کی شرح میں دوسری بار کمی کی گئی ہے۔