سیف اپنے بیٹے تیمورعلی خان کا نام تبدیل کرنے کا کیوں سوچ رہے ہیں

تیمور علی خان کے نام پر تنازع نے مجھے شدید خوفزدہ کردیا تھا، کرینہ کپور


ویب ڈیسک May 19, 2021
تیمور علی خان کے نام پر تنازع نے مجھے شدید خوفزدہ کردیا تھا، کرینہ کپور

سیف علی خان کا کہنا ہے کہ اپنے بڑے بیٹے کے نام پر تنازع کے بعد تیمور علی خان کا نام تبدیل کرنے کا سوچ رہا تھا اور یہ بات ابھی بھی میرے دماغ میں چل رہی ہے۔

ایک انٹریو میں بالی ووڈ کے چھوٹے نواب سیف علی خان نے انکشاف کیا ہے کہ وہ اپنے بیٹے کی پیدائش کے بعد ان کے نام کو لے کر تنازع کے بعد تیمور علی خان کا نام تبدیل کرنے کا سوچ رہے تھے تاہم ان کی اہلیہ کرینہ کپور نے انہیں ایسا کرنے سے منع کیا۔

خیال رہے اداکارہ سیف علی خان نے بالی ووڈ کی بیبو کرینہ کپور خان سے 2012 میں شادی کی تھی جس سے ان کے دو بیٹے ہیں۔ پہلے بیٹے کی پیدائش 2016 میں ہوئی تھی جس کا نام سیف علی خان نے تیمور علی خان رکھا جو ہندوانتہاپسندوں سے ہضم نہ ہوا اور سیف وکرینہ پر شدید تنقید کی گئی اور ان سے نام تبدیل کرنے کا بھی مطالبہ کیا گیا تھا۔

تیمور علی خان کے نام پر تنازع سے متعلق اداکار سیف علی خان نے انکشاف کیا کہ ایک لمحے کے لیے میں نے تیمور کا نام تبدیل کرنے کا سوچا لیکن کرینہ کپور نے مجھے کہا لوگ آپ کی عزت آپ کے فیصلے اور رائے کی وجہ سے کرتے ہیں اس لیے یہ تبدیل کرنے کی ضرورت نہیں لیکن میں نہیں چاہتا کہ وہ نام کی وجہ سے غیرمقبول ہو اور اس لیے میں اب بھی ایسا کرنے کا سوچ رہا ہوں، شاید کبھی کرلوں۔

دوسری جانب کرینہ کپور نے کہا کہ اس تنازع نے مجھے شدید خوف میں مبتلا کردیا تھا کیوں کہ بطور ماں مجھے پورا حق حاصل ہے کہ میں اپنے بچے کو کسی بھی نام سے پکاروں، اور ہمارے یا کسی کے بھی بچوں کے نام سے کسی دوسرے کو کوئی سروکار نہیں ہونا چاہیے۔

حال ہی میں سیف علی خان کو اپنی ویب سیریز 'تانڈو' میں راون کے کردار کے حوالے سے بیان پر ہندوانتہاپسندوں نے آڑے ہاتھوں لیا تھا اور ان سے معافی کا مطالبہ کیا تھا جس پر سیف علی خان اور فلم کے ہدایت کار سمیت پوری کاسٹ نے غیرمشروط معافی مانگی تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں