ہم خیال گروپ کی سرگرمیوں کے بعد عثمان بزدار کی 50 سے زائد ارکان اسمبلی سے ملاقاتیں

کسی کے خلاف انتقامی کارروائی کاسوال ہی پیدا نہیں ہوتا،وزیراعلی کی ارکان سے ملاقات میں وضاحت

ارکان اسمبلی کی مشاورت سے حکومتی امور کے اہم فیصلے کیے جاتے ہیں ، عظمان بزدار فوٹو: فائل

جہانگیر ترین ہم خیال گروپ کی سرگرمیوں کے بعد وزیراعلی پنجاب عثمان بھی سیاسی میدان میں سرگرم ہوگئے ہیں اور انہوں نے 2 روز کے دوران 50 سے زائد ارکان اسمبلی سے ملاقاتیں کی ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق 2 روز قبل جہانگیر ترین کے حامی ارکان اسمبلی کی جانب سے ہم خیال گروپ کی تشکیل کے اعلان کے بعد وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار بھی سیاسی میدان میں سرگرم ہوگئے ہیں اور ان کے ارکان اسمبلی سے رابطوں میں تیزی آگئی ہے۔


وزیراعلیٰ ہاؤس پنجاب کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ایوان وزیراعلی کے دروازے ارکان اسمبلی کے لئے کھول دئے گئے ہیں ، وزیراعلی نے صبح دس بجے سے گیارہ بجے تک کا وقت ارکان اسمبلی کے لئے مقرر کردیا، صبح 10 بجے سے 11 بجے کے دوران ارکان اسمبلی وقت لئے بغیر ہی وزیر اعلیٰ سے ملاقات کرسکتے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ عثمان بزدار نے گزشتہ 2 روز میں 50 سے زائد ارکان صوبائی اسمبلی سے ملاقاتیں کی ہیں۔ ملاقاتیں کرنے والے ارکان پنجاب اسمبلی میں جہانگیر ترین کے حامی بھی شامل ہیں۔ انہوں نے ارکان سے ملاقات میں واضح کیا کہ ارکان اسمبلی کی مشاورت سے حکومتی امور کے اہم فیصلے کیے جاتے ہیں، ہر شہر کو ترقیاتی پیکیج دے رہے ہیں، کسی کے خلاف انتقامی کارروائی کاسوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

 
Load Next Story