تحریک انصاف کے ساتھ طے شدہ چیزوں پر آج تک عمل نہیں ہوا پرویزالہٰی

پی ٹی آئی کو پنجاب میں بلامقابلہ سینیٹ الیکشن جتوایا لیکن کسی نے پوچھا تک نہیں، اسپیکر پنجاب اسمبلی


ویب ڈیسک May 20, 2021
مریم نواز ہی (ن) لیگ کی وارث ہیں، چوہدری پرویز فوٹو: فائل

اسپیکر پنجاب اسمبلی اور مسلم لیگ (ق) پنجاب کے صدر چوہدری پرویز الہٰی کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے ساتھ جو چیزیں پہلے دن طے ہوئیں ان پر آج تک عمل نہیں ہوا۔

لاہور میں وکلا کے وفد سے ملاقات کے دوران چوہدری پرویز الہٰی نے کہا کہ پنجاب میں تبدیلی کا کوئی چانس نہیں، فی الحال اپوزیشن نے پکانے کیلئے کچھ اکٹھا نہیں کیا، جب ہم کسی کے ساتھ چلتے ہیں تو کسی کو دھوکا نہیں دیتے، ہم تحریک انصاف کے اتحادی ہیں، انشاء اللہ حکومت کے خلاف ہماری طرف سے کبھی عدم اعتماد نہیں آئے گی۔ ہم حکومت کے اتحادی ہیں لیکن ہمیں زیادہ مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، جب حکومت کو مشکل پڑتی ہے تو ہم ساتھ دیتے ہیں۔ مولانا فضل الرحمان کا معاملہ عمران خان کے کہنے پر ہم نے حل کیا، چوہدری شجاعت حسین اور میں نے بڑی محنت کر کے اس مسئلے کو حل کیا۔

حکومت کی جانب سے کئے گئے وعدوں ہر عمل درآمد نہ ہونے کا شکوہ کرتے ہوئے چوہدری پرویز الہیٰ نے کہا کہ ہمارے ساتھ پہلے دن جو چیزیں طے ہوئی تھی آج تک ان پر عملدرآمد نہیں ہوا۔ ہم نے سینیٹ کے الیکشن میں ولیداقبال اور جہانگیر ترین کی ہمشیرہ کو کامیاب کرایا ورنہ یہ دونوں سیٹ ہار رہے تھے بیشک ان سے پوچھ لیں، آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری نے پنجاب میں بلامقابلہ سینیٹر منتخب کروانے میں اہم کردار ادا کیا، سسٹم کی بہتری کیلئے آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو نے میری بات مان لی۔ ہم نے پنجاب میں بلا مقابلہ سینیٹ الیکشن جتوایا لیکن حکومت کی طرف سے پھر وہی پرانی خاموشی ہے، الیکشن ختم ہو گیا تو کسی نے پوچھا تک نہیں۔

جہانگیر ترین سے متعلق اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ جہانگیر ترین تحریک انصاف کا حصہ ہیں اور تحریک انصاف میں موجود ہیں، جہانگیر ترین کے ساتھ کتنے ارکان ہیں ،وہ اسمبلی میں کھڑے ہوں گے تو پتہ چلے گا، یہ سوالیہ نشان ہے۔ میرا ان سے کوئی رابطہ نہیں ہے۔ مجھے نہیں لگتا یہ لوگ عمران خان کو وفاق میں کوئی نقصان پہنچا سکیں گے۔

مسلم لیگ (ن) کی قیادت کے حوالے سے چوہدری پرویز الہیٰ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نواز شریف کی پارٹی ہے وہی فیصلے کرتے ہیں، شہباز شریف ہو یا کوئی اور یہ نواز شریف کا بیانیہ ہے، ن لیگ کی سیاست کی ساری کتاب نواز شریف کی ہے اور باقی سب اس کتاب کے صفحے ہیں، مریم نواز ہی (ن) لیگ کی وارث ہیں، وہ اپنے والد نواز شریف کی مکمل حمایت کے ساتھ سیاست اورپارٹی کی قیادت کر رہی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں