ضلع وسطی اورکورنگی سے جلد کچرا اٹھانے کا آغازکرینگےسندھ سالڈ ویسٹ بورڈ

سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ اس وقت ضلع شرقی، جنوبی، غربی اور ملیر میں کچرا اٹھانے کے انتظامات سنبھالے ہوئے ہے

ضلع کورنگی اور ضلع وسطی میں صفائی کے انتظامات متعلقہ ڈی ایم سی سنبھالتی ہے۔(فوٹو:فائل)

سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ ضلع وسطی اور ضلع کورنگی میں کچرا اٹھانے کے کام کا جلدآغازکرے گا۔ آج کھولے جانے والے ٹینڈرز میں پانچ بین الاقوامی کمپنیز نے حصہ لیا۔
مینیجنگ ڈائریکٹر سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ زبیر چنہ کی زیرِ صدارت ضلع کورنگی اور ضلع وسطی سے گھر گھر سے کچرا اٹھانے اور لینڈ فل سائٹ تک پہنچانے کے لیے ٹیکنیکل ٹینڈر کھولے گئے، جس میں پانچ بین الاقوامی کمپنیز نے شرکت کی، جس میں تین چینی اور دو یورپین کمپنیاں شامل ہیں۔

ٹینڈر کی ایویلیوشن کے بعدتقریباً ایک ماہ میں کنٹریکٹر کا انتخاب کیا جائے گا۔ اس بابت ایم ڈی زبیر احمد چنہ کا کہنا ہے کہ اگلے چند ماہ میں پورے کراچی میں کچرا اٹھانے کے انتظامات سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ سنبھالے گا۔ انہوں نے کہاکہ ہماری ترجیح گھر گھر سے کچرا اٹھا کر مکینوں کو ریلیف فراہم کرناہے۔


واضع رہے کہ سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ اس وقت ضلع شرقی، جنوبی، غربی اور ملیر میں کچرا اٹھانے کے انتظامات سنبھالے ہوئے ہے۔ جب کہ ضلع کورنگی اور ضلع وسطی میں صفائی کے انتظامات متعلقہ ڈی ایم سی سنبھالتی ہے۔ ضلع وسطی اور ضلع کورنگی ڈی ایم سیز کے چیئرمینز کومتعدد بار سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کی جانب سے تعاون کی درخواست کی گئی لیکن کچھ وجوہات کی بنا پر صفائی کا کام ابھی تک سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے زیر انتظام نہیں آسکا۔

موجودہ مینجمنٹ کی خصوصی توجہ اور کوشش کے بعد اعلیٰ سطح پر فیصلہ کیا گیا اورسندھ گورنمنٹ کے پروجیکٹ کلک(Click) اور ورلڈ بینک کے تعاون سے ایک ٹیکنیکل ایڈوائزرتعینات کیا گیا، جس کی مدد سے اضلاع کے خدوخال کے مطابق تمام تفصیلات کو جمع کرکے ٹینڈر شائع کیا گیا۔ یہ ٹینڈرپہلے 6 مئی2021 کو کھلنے تھے لیکن سیپرا رولز(SPPRA) کے مطابق یہ ٹینڈر بین الاقوامی اور قومی اخبارات میں شائع ہوتے ہیں لہذا بین الاقوامی تعطیلات کے باعث اس کی تاریخ آگے بڑھا کر 20 مئی کی گئی۔

ایم ڈی سالڈ ویسٹ نے اس بات کا عزم کرتے ہوئے کہا کہ ہم مکینوں کو بین الاقوامی معیار کے مطابق صفائی کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔ جن اضلاع میں سالڈ ویسٹ کا انتظام ہے وہاں صفائی کے معیار میں بہت بہتری آئی ہے اور جلد ہی ضلع وسطی اور ضلع کورنگی کے مکینوں کوصفائی کی معیاری سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
Load Next Story