احتساب عدالت کے حکم پر نوازشریف کی 88 کنال اراضی نیلام

محمد بوٹا نے 1کروڑ 1لاکھ روپے فی ایکڑکے حساب سے سب سے زیادہ بولی لگائی۔

شیخوپورہ میں نیلامی کے موقع پر 6 دعویدار سامنے آگئے، عدالت جانے کی ہدایت فوٹو: فائل

ISLAMABAD:
احتساب عدالت کے حکم پر سابق وزیراعظم نواز شریف کی شیخوپورہ کے قصبے فیروز وٹواں میں 88 کنال 4مرلے اراضی کی نیلامی کا عمل مکمل ہوگیا۔

ایک شخص چوہدری محمد بوٹا نے ایک کروڑ ایک لاکھ روپے فی ایکڑکے حساب سے سب سے زیادہ بولی لگائی۔ نیلامی کا عمل شیخو پوہ میونسپل دفتر میں صبح 10 بجے شروع ہوا جو ساڑھے3 بجے سہ پہر تک جاری رہا۔


اراضی کی خریداری کیلیے3امیدوار سامنے آئے ، سب سے زیادہ بولی ایک کروڑ ایک لاکھ روپے فی ایکڑ کے حساب سے چوہدری محمد بوٹا نامی شخص نے لگائی۔ اس بولی کے مطابق زمین کی قیمت 11کروڑ روپے سے زائد بنتی ہے ، نیلامی میں حصہ لینے والوں کو 10 لاکھ زر ضمانت جمع کروانیکی ہدایت کی گئی۔

نواز شریف کی جائیداد کی نیلامی کا حکم 22 اپریل کو احتساب عدالت اسلام آباد نے دیا تھا، نیلامی کی فی ایکڑ ابتدائی قیمت 70 لاکھ روپے مقرر کی گئی تھی۔ انچارج بولی اجمل فاروق کے مطابق نواز شریف کے نام 88 کنال 4مرلے جائیداد کی نیلامی کا عمل مکمل کرلیا گیا۔

رقبہ خریدنیوالے شہری محمد بوٹا نے میڈیا کو بتایا کہ اس نے عدالت کے حکم پر ہونے والی اوپن نیلامی میں حصہ لیکر گورنمنٹ سے رقبہ خریدا ہے۔نیلامی کے موقع پر اسی اراضی کے 6 دعویدار بھی سامنے آگئے جنہیں عدالت سے رجوع کرنے کا کہہ دیا گیا۔ ان دعوے داروں نے خود کو زمین کا وراثتی مالک ظاہر کیا۔
Load Next Story