صدر جوبائیڈن نے ایشیائی باشندوں سے نفرت اور تشدد کیخلاف بل پر دستخط کردیئے

امریکا میں کورونا کے پھیلاؤ کا ذمہ دار ایشیائی ممالک کے شہریوں کو ٹھہرا کر بنیاد پرست تشدد کا نشانہ بناتے تھے

اس قانون کی کانگریس کے دونوں ایوانوں نے کثرت رائے سے منظوری دی تھی، فوٹو: فائل

امریکی صدر جو بائیڈن نے امریکا میں مقیم ایشیائی ممالک کے باشندوں اور پیسیفک جزیروں کے رہائشیوں کے خلاف نسلی امتیاز پر مبنی نفرت انگیز جرائم کی روک تھام کے قانون پر دستخط کردیئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر جوبائیڈن نے کانگریس کے دونوں ایوانوں میں کثرت رائے سے منظور ہونے والے ایشیائی امریکیوں اور پیسیفک جزیروں کے رہائشیوں کے خلاف نسلی جرائم کی روک تھام کے قانون پر دستخط کردیئے جس میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ان جرائم کے خاتمے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اس موقع پر صدر جوبائیڈن نے کہا کہ امریکا میں بہت سی بنیادی اقدار اور عقائد رکھنے والے لوگ موجود ہیں جو ہمیں بطور امریکی اکٹھا رکھتے ہیں۔ ہمیں ملک میں پیدا ہونے والی نسل پرستی کی اس چھوٹی لہر کو ابتدا میں ہی کچلنا ہوگا۔


اس قانون پر دستخط ہونے کے بعد ایشیائی اور پیسفیک جزیروں کے رہائشیوں کو نسلی جرائم سے محفوظ رکھنے کے لیے محکمہ انصاف میں ایک شعبہ تخلیق کیا جائے گا جس کا ایک باضابطہ عہدیدار بھی نامزد ہوگا جو اس طرح کے نفرت انگیز جرائم کے متاثرین کے لئے رپورٹنگ کو آسان بنائے گا جب کہ مقامی اور ریاستی عہدیداروں کو تربیت فراہم کرے گا۔

واضح رہے کہ امریکا میں کورونا وبا کے پھیلاؤ کا ذمہ دار ایشیائی ممالک بالخصوص چین کے شہریوں کو ٹھہرا کر بنیاد پرست تشدد کا نشانہ بناتے اور نفرت آمیز سلوک کا اظہار کیا جانے لگا تھا جس کا شکار دیگر ایشیائی ممالک کے شہری بھی ہو رہے تھے۔

 
Load Next Story