شہباز شریف کا ای سی ایل سے نام نکلوانے کیلئے درخواستیں واپس لینے کا فیصلہ

شہباز شریف نے درخواستیں واپس لینے کے لیے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا

شہباز شریف نے درخواستیں واپس لینے کے لیے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا۔ فوٹو:فائل

شہباز شریف نے بلیک لسٹ سے نام نکلوانے کے لئے دی گئی درخواستیں واپس لینے کا فیصلہ کرلیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے اپنا نام ای سی ایل سے نکلوانے اور عدالتی فیصلے پر عمل درآمد کروانے سے متعلق اپنی تمام درخواستیں واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے، اور اس حوالے سے انہوں نے لاہور ہائی کورٹ سے بھی رجوع کرلیا ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: شہباز شریف کی بیرون ملک جانے سے روکنے پر توہین عدالت کی درخواست دائر


شہباز شریف کی جانب سے لاہور ہائی کورٹ میں اعظم نذیر تارڑ اور امجد پرویز ایڈووکیٹ نے درخواست دائر کی ہے، جس میں مؤقف پیش کیا گیا ہے کہ وفاقی حکومت نے شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں شامل کردیا ہے، نام ای سی ایل میں شامل ہونے کے باعث درخواست واپس لینا چاہتے ہیں، جب کہ عدالت نے 26مئی کے لیے عمل درآمد کیس میں نوٹسز جاری کررکھے ہیں، ہم عمل درآمد سے متعلق درخواست کی پیروی نہیں کرنا چاہتے عدالت درخواست واپس کرے۔

دوسری جانب لاہور ہائی کورٹ نے شہبازشریف کی درخواست سماعت کے لئے مقرر کردی ہے، اور جسٹس علی باقر نجفی 24 مئی کو شہباز شریف کی درخواست پر سماعت کریں گے۔

اس خبرکو بھی پڑھیں: شہباز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل

واضح رہے کہ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی نے شہباز شریف کو 8 ہفتوں کے لیے بیرون ملک جانے کی اجازت دی تھی، تاہم شہبازشریف کو حکومت کی جانب سے بیرون ملک جانے سے روک دیا گیا تھا، جس پر انہوں نے ڈی جی ایف آئی اے، سیکرٹری داخلہ، اور وفاقی حکومت کو فریق بناتے ہوئے لاہور ہائی کورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کی تھی، جس میں مؤقف پیش کیا گیا تھا کہ عدالت نے مجھے بیرون ملک جانے کی اجازت دی لیکن امیگریشن حکام نے بیرون ملک جانے سے روک دیا، عدالت سے استدعا ہے کہ متعلقہ حکام کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔
Load Next Story