لاقانونیت بڑھ گئی کراچی میں بنیادی حقوق کی خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں سپریم کورٹ

عوام عدم تحفظ کاشکار ہیں،چیف جسٹس،پروین رحمن قتل کیس کی انکوائری مکمل کرنے کاحکم،آئی جی سندھ طلب


Numainda Express January 17, 2014
سابق آئی جی کی بہوکے مقدمہ قتل میں ملزم کی ضمانت منظور،زمین کی حدملکیت مقررکرنے کے مقدمے کی سماعت ملتوی۔ فوٹو: فائل

سپریم کورٹ نے گزشتہ سال کراچی میں گزشتہ برس قتل ہونے والی سماجی کارکن پروین رحمن کے مقدمہ کی انکوائری ایک ہفتے میں مکمل کرکے آئی جی سندھ کو رپورٹ پیش کرنے اور اگلی سماعت پر پراسیکیوٹر جنرل کو خود پیش ہونیکا حکم دیا ہے۔

چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نیانکوائری کیلیے جوڈیشل کمیشن قائم کرنے کی تجویز سے اتفاق نہیں کیا، چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کراچی جیسے بڑے شہر میں لاقانونیت حد سے بڑھ گئی ہے عوام عدم تحفظ کا شکار ہیں،کسی کو جان و مال کا تحفظ حاصل نہیں، بنیادی انسانی حقوق کی کھلے عام خلاف ورزیاں ہورہی ہیں۔ فاضل بینچ نے سابق آئی جی اسلام آباد پولیس بنی امین کی بہوکے قتل کیس میں ملزم بھائی کو بھی ضمانت پر رہا کرنیکاحکم دیا ہے۔دو ملزمان مقتولہ کے والد دریا خان اور بھابی فوزیہ کو پشاور ہائیکورٹ نے ضمانت پر رہا کیا تھا جبکہ بھائی خالدکی درخواست مستردکردی تھی۔مقتولہ کی بہن نے بتایا کہ مقتولہ کے شوہرعلی یامین، خالدکو اشتعال دلاتے تھے اور بے راہ روی کا الزام عائدکرتے تھے۔

 photo 4_zpsebd70a90.jpg

ملزم کے وکیل سرداراسحاق نے بتایا کہ قتل کا کوئی ثبوت نہیں اور نہ ہی کوئی برآمدگی ہوئی، محض شکایت گزارکے بیان پر ملزم نامزدکیاگیا ۔انہوں نے بتایا مقتولہ اپنی مرضی سے بھائی کے گھر رہ رہی تھی، اس کا مطلب ہے کہ انہیں بھائی پر اعتماد تھا۔ تفتیشی افسر نے بتایا کہ ملزم کیخلاف کوئی ثبوت نہیں ملا۔مقتولہ کی بہن نے بتایا کہ مقتولہ کے شوہرعلی یامین، خالدکو اشتعال دلاتے تھے اور بے راہ روی کا الزام لگاتے تھے، اشتعال میں آکر انھوں نے یہ قتل کیا ہے۔ چیف جسٹس نے کہا مقتولہ کی بہن سے کہا ہمیں آپ سے ہمدردی ہے لیکن عدالت حقائق اور قانون پر فیصلے کرتی ہے۔چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی کی سربراہی میں نو رکنی لارجر بینچ نے زمین کی حد ملکیت مقررکرنے کے کیس کی سماعت وکیل حفیظ پیرزادہ کی بیماری کے باعث تین مارچ تک ملتوی کردی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔