کراچی میں فائرنگ سے 6افراد ہلاک 2خواتین سمیت 8زخمی

صفوراچورنگی کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ،دکانیں بند،ناظم آباد،مچھرکالونی،شارع فیصل،گلستان جوہر میں بھی فائرنگ

صفوراچورنگی کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ،دکانیں بند،ناظم آباد،مچھرکالونی،شارع فیصل،گلستان جوہر میں بھی فائرنگ۔ فوٹو: فائل

KANDHKOT:
کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ سے 6 افراد ہلاک، 2 خواتین سمیت 8 افراد زخمی ہوگئے۔

رسالہ کے علاقے نانک واڑہ کیفے نسیم کے قریب 30 سالہ نیاز جان بلوچ کو موٹر سائیکل پر سوار نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کر کے شدید زخمی کر دیا جسے سول اسپتال لے جایا گیاجہاں وہ دم توڑگیا، پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول ٹرانسپورٹر اور بلوچستان کے علاقے خضدار کا رہائشی تھا۔نارتھ ناظم آبادکے علاقے کے ڈی اے چورنگی سیفی اسپتال کے قریب موٹر سائیکل پرسوار45 سالہ محمد شفیق کونامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے ہلاک کردیا،ایس ایچ او تھانہ حیدری انسپکٹر عرفان حیدر نے بتایاکہ مقتول نیوکراچی کے علاقے سیکٹر11-Dکارہائشی اور4بچوں کاباپ تھا۔

پاک کالونی کے علاقے پرانا گولیمار کشمیری چوک کے قریب سے گزرنے والے اورنگی نالے سے 26 سالہ سیرت علوی کی لاش ملی جسے نامعلوم ملزمان نے اغوا کے بعد سینے پر 2 گولیاں مار کر قتل کر دیا اور لاش پھینک کر فرار ہوگئے ، پاک کالونی تھانے کے سب انسپکٹر رشید نے بتایا کہ مقتول کے بھائی سیف اﷲ علوی کا کہنا ہے کہ سیرت علوی 6 ستمبر جمعرات کو دوپہر بارہ بجے کے قریب اپنی رہائش گاہ مارٹن کوارٹرز مکان نمبر A-11 سے نکلا تھا جس کے بعد وہ لاپتہ ہوگیا اور ہفتے کی صبح اس کی لاش پاک کالونی کے علاقے سے مل گئی ، مقتول سیرت علوی کے لاپتہ ہونے پر اسے ڈھونڈنے کے لیے جانے والا اس کا دوسرا بھائی فرخ علوی بھی تاحال لاپتہ ہے ۔


منگھوپیر کے علاقے ناردرن بائی پاس اور چلغزی مزار کے درمیان سڑک سے 30 سالہ نامعلوم شخص کی تشدد زدہ لاش ملی،ایس ایچ او منگھوپیر شمس الزماں نے بتایا کہ مقتول کی جیب سے ملنے والی پرچی پر نام رمضان ولد یعقوب اور پتہ گوادر لکھا ہے۔مچھر کالونی خوشحال چوک کے قریب نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے 30 سالہ شگفتہ جبکہ عوامی کالونی میں بھی اندھی گولی لگنے سے 65 سالہ سکینہ بی بی زخمی ہوگئی،کریم آباد حبیب میڈیکل سینٹر کے قریب ماشاء اﷲ محمود چائے کے ہوٹل پر نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے25 سالہ فرحان ہلاک جبکہ32سالہ محمود عالم اور48 سالہ شریف زخمی ہوگئے ، مقتول فرحان ایف بی ایریا بلاک18 سمن آباد مکان نمبرR/700کا رہائشی تھا۔

شارع فیصل نرسری سگنل کے قریب نامعلوم ملزمان نے لوٹ مارکے دوران مزاحمت کرنے پر28 سالہ مہتاب احمد فائرنگ کرکے زخمی کر دیا اور ملزمان فرار ہو گئے، صفورا چورنگی کے قریب نامعلوم افراد نے اندھا دھند فائرنگ کر کے دکانیں اور دیگر کاروبار بند کرا دیا فائرنگ کے بعد علاقے میں خوف ہراس پھیل گیا اور لوگ گھروں میں محصور ہو گئے،گلستان جوہر کے علاقے پرفیوم چوک اقراء کمپلکس کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے16سالہ سکندر علی زخمی ہو گیا۔

قصبہ کالونی نمبر ڈھائی دانش ایکسرے سینٹر کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے28 سالہ شخص ہلاک ہو گیا ،ناظم آباد نمبر2 العباس ہوٹل کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے22 سالہ ارشاد میمن زخمی ہو گیا، جمشید کوارٹر کے علاقے تین ہٹی نوری مسجد کے قریب نامعلوم افراد نے سریے کے وار سے25سالہ سرور کو زخمی کر دیا،زخمی ہونے والا سرور اقبال کالونی تین ہٹی کا رہائشی اور اہلسنت و الجماعت تین ہٹی یونٹ کا کارکن تھا ۔

Recommended Stories

Load Next Story