وزيراعلی بلوچستان اورصالح بھوتانی ميں مفاہمت کے لیے پارٹی اركان متحرک

ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے عبدالخالق ہزارہ جو مشیر کھیل ہیں کو کھیل و ثقافت کی مکمل وزارت دئیے جانے کا امکان ہے


ویب ڈیسک May 23, 2021
بعض اتحادی جماعتوں کے وزراء اور مشیروں کے محکموں میں بھی تبدیلی کا امکان ہے۔(فوٹو:فائل)

وزيراعلی بلوچستان اورصالح بھوتانی ميں معاملات بہتر كرنے کے لیے پارٹی اركان متحرک ہوگئے ہیں،

ایکسپریس نیوز کے مطابق بلوچستان کابینہ میں بعض وزراء کے محکموں میں تبدیلی کا امکان ہے، جب کہ سابق صوبائی وزیر بلدیات سردار صالح بھوتانی اور وزیراعلی کے درمیان معاملات بہتر بنانے کے لیے بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) کے بعض ارکان متحرک ہوگئے ہیں، جو وزیراعلی اور سابق وزیر کے درمیان پائے جانے والے تحفظات اور شکایات کو دور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق بعض اتحادی جماعتوں کے وزراء اور مشیروں کے محکموں میں تبدیلی کا امکان ہے، اس حوالے سے جلد اتحادیوں اور پارٹی راہنماؤں سے مشاورت بھی کی جائے گی، محکموں میں تبدیلی کا مطالبہ اتحادی جماعتوں کی جانب سے کافی عرصے سے کیا جا رہا تھا۔ اور سینیٹ انتخابات کے دوران بھی اتحادیوں کو کابینہ میں شامل بعض وزراء اور مشیروں کے محکموں میں تبدیلی کی یقین دھانی کرائی گئی تھی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ جلد ہی ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے عبدالخالق ہزارہ جو مشیر کھیل ہیں کو کھیل و ثقافت کی مکمل وزارت دئیے جانے کا امکان ہے، اسی طرح بی این پی عوامی کے میر اسد بلوچ کا محکمہ بھی تبدیل کیا جارہا ہے، بلوچستان عوامی پارٹی کے رکن اسمبلی لالہ رشید کو مشیر جب کہ صوبائی مشیر حاجی محمد خان لہڑی کو محکمہ صحت کو قلمدان دئیے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق بی اے پی کے جن وزراء کے محکموں میں تبدیلی کی جارہی ہے انہیں جلد اس حوالے سے اعتماد میں لیا جائے گا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں