پروٹوکولز کی خلاف ورزی نسیم شاہ پی ایس ایل سے باہر

نسیم شاہ کو پاکستان سے روانگی کیلیے مقررہ پروٹوکولز کی خلاف ورزی کرنے پر آئسولیشن سے ریلیز کیا گیا


Sports Reporter May 24, 2021
فیصلے کو قبول کرنے پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو سراہنا چاہتے ہیں، ڈائریکٹر کمرشل

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے فاسٹ باولر نسیم شاہ کوپاکستان سے روانگی کے لیے مقررہ پروٹوکولز کی خلاف ورزی کرنے پر لاہور کے مقامی ہوٹل میں قائم آئسولیشن سے ریلیز کردیا گیا ہے۔

ناقابل قبول پی سی آر ٹیسٹ کی رپورٹ جمع کروانے کی وجہ سےنسیم شاہ اب 26 مئی کو ابوظہبی روانہ نہیں ہوں سکیں گے، لہٰذا وہ ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئے ہیں۔

ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 6 کے بقیہ میچز کے لیے بنائے گئے کوویڈ 19 پروٹوکولز کے تحت کراچی اور لاہور سے چارٹرڈ فلائیٹ کے ذریعے ابوظہبی روانہ ہونے والے تمام مسافروں کو 24 مئی کو لاہور اور کراچی کے ٹیم ہوٹلز میں داخل ہوتے وقت زیادہ سے زیادہ 48 گھنٹے قبل دئیے گئے اپنے کوویڈ 19 ٹیسٹ کی رپورٹ جمع کروانا تھی تاہم نسیم شاہ نے اس موقع پر اپنے 18 مئی کو کئے گئے کوویڈ 19 ٹیسٹ کی رپورٹ جمع کروائی۔ پرانی رپورٹ جمع کروانے پر انہیں ہوٹل کی علیحدہ منزل پر آئسولیشن میں رکھا گیا،جس کے بعد تین رکنی انڈیپنڈنٹ میڈیکل ایڈوائزری پینل برائے پی ایس ایل کی سفارشات پر انہیں ریلیز کرنے کافیصلہ کیا گیا۔



پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر کمرشل پی سی بی بابرحامد کا کہنا ہے کہ ہمیں فاسٹ باولر کو اپنے اہم ایونٹ میں شرکت سے روکنے پر کوئی فخر محسوس نہیں ہورہا لیکن اگر ہم اس خلاف ورزی کو نظر انداز کرتے ہیں تو ہم ممکنہ طور پر پورے ایونٹ کو خطرے میں ڈال دیں گے، ہم اس فیصلے کو قبول کرنے پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو سراہنا چاہتے ہیں، جس سے ثابت ہوتا ہے کہ مقررہ پروٹوکولز پر عملدرآمد کروانے کے لیےہم سب اکٹھے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس فیصلے سے ہم لیگ کے بقیہ میچز میں شریک تمام افراد کو ایک واضح پیغام دینا چاہتے ہیں کہ پی سی بی کسی قسم بھی قسم کی خلاف ورزی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا،ہم خلاف ورزی میں ملوث کسی بھی کھلاڑی یا اسپورٹ اسٹاف کے خلاف کاروائی سے گریز نہیں کریں گے۔بابرحامد نے کہاکہ ایونٹ میں شریک تمام افراد کو سمجھنا چاہیے ہے کہ پی سی بی کی جانب سے تیار کردہ یہ تمام پروٹوکولز اس ایونٹ کی ساکھ اور اس میں شریک تمام افراد کی صحت اور حفاظت کو یقینی بنانے کے پیش نظر بنائے گئے ہیں، لہٰذا ان تمام پروٹوکولز پرمن و عن عملدرآمد کروانا بھی ہماری ذمہ داری ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔