مرغیوں میں رانی کھیت کی بیماری نے شدت اختیار کر لی

امسال موسم گرم ہونے کی وجہ سے بیماری مرغیوں کے بچوں میں زیادہ شدت سے سامنے آئی۔


Tufail Ahmed May 25, 2021
2012 میں بھی اس بیماری نے شدت اختیار کی تھی، ترجمان پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن۔ فوٹو: فائل

لاہور: پاکستان میں مرغیوں میں رانی کھیت کی بیماری کا انکشاف ہوا ہے، یہ بیماری ہر سال مرغیوں سمیت دیگر پرندوں اور جانوروں میں آتی ہے تاہم موسم کی شدت کی وجہ سے اس سال اس بیماری نے مرغیوں کے بچوں میں شدت اختیار کی ہے۔

چھوٹی مرغیوں میں یہ بیماری ہرسال نمودار ہوتی رہتی ہے لیکن مرغیوں کے ان بچوں کو رانی کھیت سمیت دیگر بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے لیے باقاعدگی سے انھیں حفاظتی ویکسین بھی لگائی جاتی ہے، اس سے قبل 2012میں بھی اس بیماری نے شدت اختیار کی تھی جس سے پولٹری صنعت کو نقصان کاسامنا کرناپڑا تھا۔

پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن کے ترجمان عبدالمعروف صدیقی نے ایکسپریس کو بتایا کہ2012کے بعد2021رانی کھیت نامی اس بیماری نے زیادہ شدت اختیار کی ہے کیونکہ امسال موسم انتہائی گرم ہونے کی صورت میں یہ بیماری مرغیوں کے بچوں میں زیادہ شدت سے سامنے آئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عام طور سے رانی کھیت بیماری مرغیوں سمیت دیگر پرندوں میں ہر سال آتی ہے اس بیماری سے عام طور سے مرغی کے چوزوں میں زیادہ تیزی سے متاثر ہوتے ہیں، رانی کھیت بیماری کی علامت میں چوزے کے پوٹھے کے اوپر سرخ دھبے آجاتے ہیں اس بیماری سے صرف چوزے کے پوٹھا متاثر ہوتا ہے، شدید گرم موسم کی وجہ سے چوزوں کوایک سے دوسرے شہر منتقل کرنے میں چوزے نڈھال ہو کر مرجاتے ہیں۔

عبدالمعروف صدیقی کا کہنا تھا کہ جس طرح شدید گرم موسم میں انسان کے جسم کا درجہ حرارت میں غیرمعمولی اضافہ ہوتا ہے اسی طرح مرغیوں کے چوزوں بھی گرم موسم کی وجہ سے نڈھال ہوتے اور مرجاتے ہیں، انھوں نے کہا کہ جیسے ہی یہ مرض مرغی کے بچہ پر حملہ اور ہوتا ہے بچہ فوراً ہی مر جاتا ہے۔


 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں