کینگروز پی ایس ایل کو چار چاند لگانے کیلیے تیار 

عثمان خواجہ کو آبائی وطن پاکستان میں کھیلنے کیلیے مزید انتظار کرنا پڑے گا۔

8 کھلاڑی آئندہ ہفتے یو اے ای پہنچیں گے،کٹنگ گلیڈی ایٹرزکی یادوں میں گم۔ فوٹو: فائل

کینگروز پی ایس ایل کو چار چاند لگانے کیلیے تیار ہیں جب کہ تیسرے ڈرافٹ میں مزید 3 آسٹریلوی کھلاڑی پاکستانی ایونٹ کا حصہ بن چکے۔

8 آسٹریلوی کھلاڑی آئندہ ہفتے پاکستان سپر لیگ میں حصہ لینے کے لیے متحدہ عرب امارات پہنچیں گے، جیک وائلڈرمتھ، جیک ویدرلڈ اور ٹم ڈیوڈ پی ایس ایل میں شامل ہونے والے تازہ ترین آسٹریلوی کرکٹرز ہیں،وائلڈرمتھ اور ویدرلڈکی خدمات کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے حاصل کی ہیں، ڈیوڈ لاہور قلندرز کو جوائن کریں گے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بین کٹنگ آئی پی ایل ملتوی ہونے کے بعد مالدیپ سے وطن واپس لوٹنے کے بجائے دبئی چلے گئے تھے تاکہ پی ایس ایل کا حصہ بن سکیں، مقابلوں کے حوالے سے آخری لمحات میں پیدا ہونے والی غیریقینی صورتحال کی وجہ سے کٹنگ نے گھر واپس لوٹنے کا فیصلہ کیا، وہ گذشتہ نومبر سے مسلسل بائیوببل میں رہتے ہوئے کرکٹ کھیل رہے تھے۔


34 سالہ کٹنگ نے آسٹریلوی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں پی ایس ایل اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرزکو بہت زیادہ پسند کرتا ہوں مگر موجودہ بائیوببل اور قرنطینہ کی وجہ سے صورتحال دشوار ہے، میں نے 30 نومبر کو گھر چھوڑا،اس دوران فروری میں اپنی شادی کے موقع پر بائیوببل سے باہر رہا، مجھے تازہ دم ہونے کے لیے وقفے کی ضرورت ہے۔

دوسرے ڈرافٹ میں عثمان خواجہ اسلام آباد یونائیٹڈ کا حصہ بنے اور اپنے آبائی ملک میں کھیلنے کے حوالے سے کافی پْرجوش تھے، مگر پاکستان میں کھیلنے کا انتظار طویل ہوچکا وہ اب یواے ای جائیں گے،جیمز فالکنر اور کالم فرگوسن لاہور قلندرز کو جوائن کریں گے۔

فواد احمد اور بین ڈنک کی اپنی متعلقہ ٹیموں اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہورقلندرز میں واپسی ہوگی،فواد بھی ان پلیئرز اور اسٹاف میں شامل تھے جن کے کورونا وائرس کا شکار ہونے کی وجہ سے پی ایس ایل کو ملتوی کرنا پڑا تھا۔

 
Load Next Story