رینٹل پاورکیس میں سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف سمیت تمام ملزمان پرفرد جرم عائد

بغیرتحقیق اور ثبوت کے مجھ پر 22 ارب روپے کی کرپشن کے الزامات کی بوچھاڑ کر کے میڈیا ٹرائل کیا جاتا رہا، سابق وزیراعظم


ویب ڈیسک January 17, 2014
میرے موکل پر کرپشن کے الزامات بے بنیاد ہیں، راجہ پرویز اشرف بہت جلد با عزت بری ہوں گے، فاروق ایچ نائیک۔ فوٹو: فائل

رینٹل پاور کیس میں احتساب عدالت نے سابق وزیراعطم راجہ پرویز اشرف سمیت تمام ملزمان پر فردجرم عائد کر دی تاہم ملزمان نے صحت جرم ماننے سے انکار کردیا۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت نے رینٹل پاوڑ کیس میں راجہ پرویز اشرف سمیت تمام ملزمان پر سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے دور میں مبینہ طور پر کرپشن اور عہدے کا غلط استعمال کرنے کے الزام میں فرد جرم عائد کر دی ہے۔

راجہ پرویز اشرف کا احتساب عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ رینٹل پاور کیس میں ان پر جو الزامات لگائے گئے ہیں وہ سب بے بنیاد اور جھوٹے ہیں، بغیر تحقیق اور بغیر ثبوت کے مجھ پر 22 ارب روپے کی کرپشن کے الزامات کی بوچھاڑ کر کے میڈیا ٹرائل کیا جاتا رہا جو انتہائی افسوسناک ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیشہ پوری ایمان داری کے ساتھ کام کیا جس پر فخر ہے، عدالت سے انصاف کی توقع ہے۔

راجہ پرویز اشرف کے وکیل فاروق ایچ نائیک کا کہنا تھا کہ ان کے موکل پر کرپشن کے الزامات بے بنیاد ہیں، راجہ پرویز اشرف بہت جلد با عزت بری ہوں گے۔ عدالت نے کیس کی سماعت 4 فروری تک ملتوی کر دی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں