کمشنر کراچی کا شادی کی غیر قانونی تقریبات کا نوٹس

ڈپٹی کمشنرز ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والے میرج ہالز کے خلاف کارروائی کریں، کمشنر کراچی


Staff Reporter May 25, 2021
ڈپٹی کمشنرز ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والے میرج ہالز کے خلاف کارروائی کریں، کمشنر کراچی

کمشنر کراچی نوید شیخ نے پرائیوٹ مقامات اور گھروں پرشادی کی تقریبات کے غیر قانونی انعقاد کی شکایات کا نوٹس لے لیا ہے ۔

انھوں نے اپنے دفتر میں کورونا کے پھیلاؤ کی روک تھام کے اقدامات کا جائزہ لینے کے لئے منعقدہ اجلاس کی صدارت کی جس میں تمام ڈپٹی کمشنرز ، ڈی آئی جی پولیس ذوالفقار لارک ، اسسٹنٹ کمشنر جزل اعجاز حسین رند اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ میرج ہالز ایسو سی ایشن، کیٹرنگ مالکان ایسو سی ایشن اور ریسٹورنٹس مالکان کے نمائندوں نے بھی شر کت کی ۔

اجلاس میں کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کے اقدامات اورکوششوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔ ڈپٹی کمشنرز نے اجلاس کو ایس او پیز پر عملدرآمد کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی ۔ انھوں نے کمشنر کو انتظامیہ کی کوششوں سے آگاہ کیا ۔

اجلاس میں کمشنر کو پرائیویٹ مقامات اور گھروں پر شادی کی تقریبات کے انعقاد کی شکایات سے آگاہ کیا گیا ۔ کمشنر نے پرائیویٹ مقامات پر شادی کی تقریبات کی روک تھام اور تقریبات منعقد کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ شادی کی تقریبات پر پابندی کے حکومتی فیصلہ پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے ۔

انھوں نے ڈپٹی کمشنرز سے کہا کہ پرائیوٹ مقامات اور گھروں پر شادیوں کی تقریبات منعقد کرنے والوں کے خلاف کارروائی کریں ۔ انھوں نے میرج ہالز اور کیٹرنگ مالکان کو تنبیہ کی کہ وہ غیر قانونی طور پرشادی کی تقریبات کی روک تھام میں تعاون کریں ان لوگوں کی نشاندہی کریں جو یہ تقریبات منعقد کر رہے ہیں ۔

میرج ہالز ایسو سی ایشن اور کیٹرنگ ایسو سی ایشن نے کمشنر کو اس سلسلہ میں تعاون کی یقینی دہانی کرائی کہ غیرقانونی طور پر منعقد ہونے والی شادی کی تقریبات کے مقامات کی نشاندہی میں انتظامیہ کی مدد کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں