سندھ حکومت نے کورونا کی آڑ میں کراچی سے زیادتی بند نہ کی تو ہڑتال کی کال دیں گے آفاق احمد

سندھ حکومت کی متعصب انتظامیہ ایس او پیز کے نام پر لوٹ مار میں لگی ہوئی ہے، آفاق احمد


ویب ڈیسک May 25, 2021
سندھ حکومت کی متعصب انتظامیہ ایس او پیز کے نام پر لوٹ مار میں لگی ہوئی ہے، آفاق احمد

آفاق احمد کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت نے کورونا کی آڑ میں کراچی سے زیادتی بند نہ کی تو ہڑتال کی کال دیں گے۔

مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد نے کہا کہ اگر سندھ حکومت کی جانب سے کورونا ایس او پیز کے نام پر کراچی کے باسیوں اور تاجروں کے ساتھ زیادتی کا سلسلہ بند نہ کیا گیا تو ہم صوبائی حکومت کیخلاف ہڑتال کی کال دیں گے، یہ زیادتیاں اور دہرا معیار کراچی سے کاروبار منتقل کرنے کی سازش ہے، وزیراعلی سندھ اس کا نوٹس لیں۔

آفاق احمد نے کہا کہ سندھ حکومت کی متعصب انتظامیہ لوٹ مار میں لگی ہوئی ہے، موبائل مارکیٹ پوری سیل کی گئی اور بھتے لے کر کھولنے کی اجازت دی گئی، اس شہر میں ایس او پیز کے نام پر لوٹ مار ہورہی ہے، جو دادو، لاڑکانہ اور جیکب آباد سے ڈپٹی کمشنر یہاں لائے گئے ہیں وہ لوٹ مار کررہے ہیں، 8 بجے کے بعد رات کو پولیس لوٹ مار کا بازار گرم کردے گی، دکانوں کے شٹر تو زبردستی بند کرائے جاسکتے ہیں لیکن دودھ کی قیمت کو کنٹرول نہیں کرایا جاسکتا ہے، اگر یہ متعصبانہ عمل جاری رہا تو اس شہر اور صوبے کے لیے ٹھیک نہیں ہوگا۔

آفاق احمد نے کہا کہ کیا کراچی مقبوضہ شہر اور اس کے باسی غلام ہیں جو سندھ حکومت کے ایک نوٹی فکیشن کی مار ہیں یہ ایک منظم سازش ہے تاکہ کاروبار کراچی سے منتقل ہوجائے، اگر حکومت سندھ نے اپنا رویہ درست نہیں کیا ، اسی طرح کاروبار بند کرنے اور بدمعاشی کا سلسلہ جاری رہا تو کراچی شہر اپنا کاروبار رضا کارانہ طور پر بند کردے گا۔ اگر زیادتی بند نہ ہوئی، ظلم بند نہ ہوا تو شہر کو بند کرنے کےلیے ہڑتال کی کال دوں گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں