اپوزیشن تو عمران خان سے دشمنی میں شیطان سے بھی اتحاد کرلے گی فواد چوہدری

اپوزیشن کے پاس اتنی صلاحیت ہی نہیں کہ حکومت کو تنگ کرے، وفاقی وزیر


ویب ڈیسک May 26, 2021
شہباز شریف کو حق ہے کہ وہ اپنی سیاست کریں، فواد چوہدری فوٹو: فائل

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ عمران خان سے دشمنی میں اپوزیشن تو شیطان سے بھی اتحاد کرلے اور اس کے علاوہ ان کی کوئی سیاست نہیں۔

ایکسپریس نیوز کے پروگرام ایکسپریسو میں خصوصی گفتگو کے دوران فواد چوہدری نے کہا کہ ہر بات پر حکومت کو خطرہ نہیں ہوتا، اپوزیشن اپنی نئی صف بندی کر رہی ہے، شہباز شریف کو حق ہے کہ وہ اپنی سیاست کریں، پی ڈی ایم بغیر نظریئے کااتحاد ہے، پی ڈی ایم میں چوں چوں کا مربہ اکٹھا ہوچکا ہے، ان کا آپس میں نکتہ نظر ایک جیسا نہیں، یہ سارےعمران خان دشمنی میں اکٹھے ہوتے ہیں، کھانا کھاتے ہیں ، حکومت کے خلاف کچھ باتیں کرتے ہیں اور قصہ ختم ہوجاتا ہے، عوام کو ان میں کوئی دلچسپی نہیں کیونکہ وہ عام لوگوں کو کچھ نہیں دے سکتے۔ اب تک پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ عوام کو یہ ہی نہیں بتاپائے کہ وہ ایسا کیا کریں گے جو ان کے 20 سالہ دور اقتدار سے مختلف ہوگا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ کچھ لوگوں کے خیال میں حکومت کی کارکردگی اچھی نہیں اور وہ عوام کےمعیار پر پورا نہیں اتری ہے لیکن کیا یہ بات نواز شریف یا آصف زرداری کو ووٹ دینے کے لیے کافی ہے۔ عمران خان سے دشمنی میں اپوزیشن والے تو شیطان سے بھی اتحاد کرلیں گے۔ اس کے علاوہ اپوزیشن کی کوئی سیاست نہیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ اپوزیشن کے پاس اتنی صلاحیت ہی نہیں کہ حکومت کو تنگ کرے، ان کی اپنی سیاسی سوچ ہی واضح نہیں، تحریک انصاف میں لوگوں کی مختلف معاملات میں الگ الگ رائے ہوتی ہے لیکن جب عمران خان کوئی فیصلہ کرتے ہیں تو پھر پوری پارٹی اس کی حمایت کرتی ہے، یہی قیادت کی خصوصیت ہوتی ہے، مسلم لیگ (ن) میں مریم نواز، شاہد خاقان عباسی اور شہباز شریف میں سے کون لیڈر ہے؟، مریم نواز اور شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کو پی ڈی ایم میں دوبارہ لانے کی کوئی گنجائش ہی نہیں جب کہ شہباز شریف پیپلز پارٹی کو اتحاد میں لانے کی کوشش کررہے ہیں۔ (ن) لیگ میں تو یہ ہی معلوم نہیں مستقبل میں کون قیادت کرے گا۔ ان کی نادرونی حالت کافی خراب ہے۔

پیپلز پارٹی پر تنقید کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ پیپلز پارٹی سندھ کے پانی پر سیاست کررہی ہے، حالانکہ اس قسم کے معاملے پر قوم پرست جماعتیں سیاست کرتی ہیں وفاقی سطح کی جماعتیں نہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ شرح نمو کے اشاریوں کے مطابق برزایل، کینیڈا ، جرمنی اور جاپان جیسے ملکوں کے مقابلے میں پاکستان زیادہ تیزی سے ترقی کررہا ہے، زراعت اورتعمیرات کے شعبے میں 60 فیصد اضافہ ہواہے، گندم، چاول اور مکئی کی تاریخی فصلیں ہوئی ہیں۔

سندھ میں بدامنی کے حوالے سے فواد چوہدری نے کہا کہ گزشتہ روز وزیر اعظم سے اسد عمر اور عمران اسماعیل نے مالقات کی، وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ سندھ میں امن و امان کی صورت حال انتہائی خراب ہے، وزیراعظم کی ہدایت پر آج شیخ رشید کراچی جاکرامن وامان صورتحال کی رپورت پیش کریں گے۔

کراچی سمیت سندھ مٰیں وفاقی حکومت کی مایوس کن کارکردگی سے متعلق سوال پر فواد چوہدری نے کہا کہ عوام بے وقوف نہیں کہ انہیں معلوم ہی نہیں کہ حکومت کس کی ہے، صوبے میں پیپلز پارٹی برسراقتدار ہے تو عوام پی ٹی آئی سے کیسے مایوس ہوں گے، آئین کے تحت سندھ حکومت کو کارکردگی دکھانی ہے، 2 سال میں سندھ 1600ارب گیا لیکن لگا نہیں، سندھ حکومت ہی پرفارم نہ کرے تو وفاق کیا کرسکتا ہے؟، سندھ میں اگلی حکومت پی ٹی آئی نے بنائی تو کارکردگی بھی دکھائے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں