پشاور میں ہر طرف لاقانونیت ہے اور شہر میں رات کو طالبان کا راج ہوتا ہے حاجی عدیل

عمران خان طالبان سے مذاکرات پر کسی کو بھی اعتماد میں نہیں لے رہے ان سے پوچھا جائے کہ مذاکرات کب شروع ہوں گے، حاجی عدیل

تحریک انصاف کی صوبائی حکومت عوام کو دھوکہ دے رہی کہ حالات میں بہتری آ رہی ہے، سینیٹرحاجی عدیل فوٹو؛ فائل

عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما اور سینیٹرحاجی عدیل کا کہنا ہے کہ پشاور میں ہر طرف لاقانونیت ہے اور شہر میں رات کو طالبان کا راج ہوتا ہے۔

سینیٹ اجلاس کے دوران پشاور میں دہشت گردی کے واقعات پر پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے حاجی عدیل کا کہنا تھا کہ ''مولانا عمران خان'' طالبان سے مذاکرات پر کسی کو بھی اعتماد میں نہیں لے رہے،عمران خان سے پوچھا جائے کہ مذاکرات کب شروع ہوں گے اور کون کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پشاور لاقانونیت کا شکار ہےاورکوئی پوچھنے والا نہیں، پشاور میں رنگ روڈ پر رات کو طالبان کا راج ہوتا ہے لیکن عوام کو دھوکہ دیا جارہا ہے کہ حالات میں بہتری آ رہی ہے۔


سینیٹرفرحت اللہ بابر کا کہنا تھا کہ سوات میں چھاؤنی بنانے سے منفی پیغام جائے گا کہ فوج مستقل یہاں رہنا چاہتی ہے، سابق وزیر داخلہ رحمان ملک کا کہنا تھا کہ پشاور کے تبلیغی مرکز میں دھماکے پر آئی ایس آئی اور آئی بی کے ڈی جی ایوان کو ان کیمرہ بریفنگ دیں۔

سینیٹ اجلاس کے دوران تبلیغی مرکزپشاورسمیت دہشت گردی کے دیگر واقعات میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی گئی جس کے بعد اجلاس پیرکی سہ پہر3بجے تک ملتوی کردیا گیا۔
Load Next Story