عمران خان خیبر پختونخوا میں اپنے بجلی چور وزرا کو تحفظ دے رہے ہیں عابد شیرعلی

پختونخوا اسمبلی اراکین کے علاقوں میں پیسکو ملازمین کو اغوا کرلیا جاتا ہے اور ہم پیسے دے کر بازیاب کراتے ہیں، عابد شیر


ویب ڈیسک January 17, 2014
بجلی مفت میں نہیں آتی اگر پیسوں کی ادائیگی نہیں کی گئی تو بجلی کی فراہمی معطل کردی جائے گی، عابد شیر علی فوٹو؛ایکسپریس نیوز

وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی کا کہنا ہے کہ عمران خان خیبر پختونخو میں اپنے بجلی چور اور نالائق وزراء کو تحفظ دے رہے ہیں انہیں چاہئے کہ وہ صوبائی تعصب سے باہر نکل آئیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتےہوئے عابد شیر علی کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی کے علاقے پیسکو ملازمین کے لئے نوگو ایریا بن گئے ہیں، جب ملازمین بجلی چوروں اور کنڈا مافیا کے خلاف کارروائی کرنے جاتے ہیں تو ان پر گولیاں برسائی جاتی ہیں اور انہیں تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد یرغمال بنالیا جاتا ہے اور بعد میں ہم پیسے دے کر ملازمین کو بازیاب کراتے ہیں۔ ان کا کہنا تھاکہ اگر خیبر پختونخوا میں بجلی چوری کا یہی حال رہا تو پھر چاہے کچھ بھی کرلیا جائے بجلی کی پیداوار میں اضافہ نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہاکہ کسی کو پاکستان کے عوام کا حق نہیں مارنے دوں گا اور ہر صورت عوام کے حقوق کا تحفظ کروں گا، بجلی مفت میں نہیں آتی اگر رقوم کی ادائیگی نہیں کی گئی تو بجلی کی فراہمی معطل کردی جائے گی۔

اس موقع پر عابد شیر علی نے خیبر پختونخوا اسمبلی کے اراکین کے علاقوں میں بجلی چوری کے شواہد اور کنڈوں کی تصاویر بھی میڈیا کے سامنے پیش کیں۔ عابد شیر علی کا کہنا تھاکہ میں کسی پر الزام تراشی نہیں کررہا بلکہ خیبر پختونخوا کے لوگوں کے حقوق کی بات کررہا ہوں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں