سلمان خان نے کمال آر خان کیخلاف ہتک عزت کا مقدمہ درج کروادیا

میرے ریویو نے سلمان خان کو بہت زیادہ متاثر کیا ہے میں اب ان کی کسی فلم کا ریویو نہیں کروں گا، کے آر کے


ویب ڈیسک May 26, 2021
فلمی تجزیہ نگاروں نے سلمان بھائی کی اس فلم کو مایوس کن قرار دیا ہے فوٹوفائل

بالی ووڈ کے سلو میاں نے اپنی فلم ''رادھے، یور موسٹ وانٹڈ بھائی'' کا ریویو کرنے کے لیے بھارتی فلموں کے تجزیہ نگار اور اداکار کمال آر خان المعروف کے آر کے کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ درج کروایا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق کمال آر خان کے خلاف کیس ممبئی کی ایک مقامی عدالت میں درج کیا گیا ہے۔ دبنگ خان کی قانونی ٹیم نے پیر کے روز کمال آر خان کو نوٹس بھیجا تھا۔ رپورٹس کے مطابق مبینہ طور پر جمعرات کے روز سٹی سول کورٹ کے ایڈیشنل سیشن جج کے سامنے اس کیس کی فوری سماعت کی اپیل کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: 100کروڑ کمانے والے سلمان 'رادھے' سے ایک لاکھ بھی نہ کماسکے

کمال آر خان نے سلو میاں کی جانب سے بھیجے گئے نوٹس اور ہتک عزت کے دعوے پر ردعمل دیتے ہوئے ٹوئٹ کیا ہے کہ میں یہ کئی بار کہہ چکا ہوں کہ میں کسی بھی پروڈیوسر اور اداکار کے نہ کہنے پر فلم ریویوز نہیں کرتا۔ سلمان خان نے فلم''رادھے'' کا ریویو کرنے پر میرے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ درج کیا ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ میرے ریویو نے انہیں بہت زیادہ متاثر کیا ہے۔ لہذا میں اب ان کی کسی فلم کا ریویو نہیں کروں گا۔

https://twitter.com/kamaalrkhan/status/1397343649277435907

ایک اور ٹوئٹ میں کے آر کے نے کہا سلمان خان یہ ہتک عزت کا مقدمہ آپ کی مایوسی کا ثبوت ہے۔ میں فلموں کے ریویوز اپنے فالوورز کے لیے کرتا ہوں۔ آپ کو مجھے فلم ریویوز کرنے سے روکنے کے بجائے بہتر فلمیں بنانی چاہئیں۔ میں سچائی کے لیے لڑتا رہوں گا۔ کیس کے لیے شکریہ۔

https://twitter.com/kamaalrkhan/status/1397181935370260485

واضح رہے کہ سلومیاں کی عیدالفطر کے موقع پر او ٹی ٹی پلیٹ فارم پر ریلیز کی گئی فلم ''رادھے'' کو شائقین نے زیادہ پسند نہیں کیا۔ فلمی تجزیہ نگاروں کے ردعمل کو دیکھا جائے تو انہوں نے سلمان بھائی کی اس فلم کو مایوس کن قرار دیا ہے۔ جب کہ آئی ایم ڈی بی پر بھی فلم ریٹنگ 10 میں صرف 1.9 ہے جو کہ بہت ہی کم ہے۔

فلم ''رادھے'' میں سلومیاں کے علاوہ اداکارہ دیشا پٹانی، جیکی شروف، رندیپ ہوڈا مرکزی کردار ادا کررہے ہیں جب کہ پربھو دیوا نے فلم کی ہدایات دی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔