بھارت سے ایک اور سمندری طوفان ٹکرا گیا کولکتہ ایئرپورٹ بند

بارشوں اور طوفان سے اڑیسہ میں ایک تھانہ بھی تباہ ہوگیا

کولکتہ ایئرپورٹ پانی سے بھر گیا، فوٹو: بھارتی میڈیا

بھارت میں تاؤتے کے بعد ایک اور سمندری طوفان ''یاس'' مغربی بنگال اور اڑیسہ سے ٹکرا گیا جس کے نتیجے میں مٹی سے بنے 20 ہزار گھر اور ایک تھانہ بھی تباہ ہوگیا جب کہ پانی بھر جانے کے باعث کولکتہ ایئرپورٹ کو بند کرنا پڑا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سمندری طوفان یاس مغربی بھارت کے ساحلی علاقوں سے ٹکرا گیا، 140 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں نے اپنے راستے میں آنے والی پر چیز کو تہس نہس کردیا۔

بارش کا پانی کولکتہ ایئرپورٹ کے اندر اور رن وے میں داخل ہوگیا جب کہ ایئرپورٹ کی ایک عمارت بھی زمین بوس ہوگئی جس کے بعد ایئرپورٹ فضائی آپریشن بند کردیا جس سے شہریوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔


مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بنرجی کا کہنا ہے کہ سمندری طوفان کے باعث مٹی سے بنے 20 ہزار کچے گھر مکمل طور پر تباہ ہوگئے جب کہ 10 لاکھ افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا ہے۔

ایک ہفتے میں دوسرے بڑے سمندری طورفان نے ریاست اڑیسہ میں بھی تباہی مچائی، مسلسل ہونے والی بارشوں اور تیز ہوائیں سے دکانیں اور گھر تباہ ہوگئے جب کہ بھپرے ہوئے سمندر میں کشتی الٹ گئی تاہم 10 افراد کو ریسکیو کیا گیا۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ یاس طوفان بنگلادیش سے بھی ٹکرائے گا۔ ماہی گیر سمندر میں جانے سے گریز کریں اور شہری بلا ضرورت ساحلی علاقوں کا رخ نہ کریں۔
Load Next Story