لیاقت آباد کی عمارت میں سیلنڈر دھماکا 2 افراد جاں بحق اور 6 زخمی

دھماکے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے جبکہ متعدد بچے جھلس کر بھی زخمی ہوئے، عینی شاہدین


Staff Reporter May 27, 2021
گھر میں نیا اے سی لگا تھا اور اس میں گیس بھرنے والا سلنڈر پھٹا تھا، ایس ایچ او لیاقت آباد ۔ فوٹو : فائل





لیاقت آباد 9 نمبر میں قائم رہائشی عمارت کی چوتھی منزل کے فلیٹ میں سلنڈر دھماکے سے علاقہ گونج اٹھا جس کی آواز دور تک سنائی دی گئی جس میں کمسن بچے سمیت 2 افراد جاں بحق جب کہ اور 6 افراد زخمی ہوگئے۔


دھماکے سے فلیٹ کی چھت گر گئی جس کا ملبہ برابر والے مکان اور گلی میں بھی جاگرا جس کے باعث متعدد موٹر سائیکلوں کو بھی نقصان پہنچا، واقعے کے بعد علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد نے عمارت کی چوتھی منزل پر پہنچ کر زخمیوں کو ملبے سے نکال کر اپنی مدد آپ اور ایمبولینسوں کی مدد سے عباسی شہید اسپتال پہنچایا جب کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو کا عملہ موقع پر پہنچ گیا۔


اس حوالے سے عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ دھماکے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے جبکہ متعدد بچے جھلس کر بھی زخمی ہوئے ہیں۔ علاقے سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق 40 گز کے پلاٹ پر 4 منزلہ عمارت تعمیر کی گئی تھی جب کہ لیاقت آباد کے بیشتر علاقوں میں 40 اور 80 گز کے پلاٹوں پر کئی کئی منزلہ عمارتیں تعمیر کی جا چکی ہیں، سلنڈر دھماکے اور چھت گرنے کے واقعے میں 40 سالہ آصف اور 6 سالہ عبدالہادی جاں بحق ہوگیا جبکہ زخمیوں میں 6 سالہ زین ، 35 سالہ دانش ، 2 سالہ نور فاطمہ ، 4 سالہ زینب ، 25 سالہ انا زوجہ فیضان اور 20 سالہ کاشف شامل ہیں۔


ایس ایچ او لیاقت آباد رضوان پٹیل نے بتایا کہ زخمی میں شامل ایک بچی نے بتایا کہ گھر میں نیا اے سی لگا تھا اور اس میں گیس بھرنے والا سلنڈر پھٹا تھا جبکہ جاں بحق ہونے والا آصف محلے کا رہائشی تھا جو گلی سے گزر رہا تھا کہ دھماکے کے بعد گلی میں گرنے والے ملبے تلے دب کر جاں بحق ہوگیا دھماکے سے فلیٹ کی گارڈر والی چھت اور چھجے کا ملبہ نہ صرف گلی میں بلکہ برابر والے گھر پر بھی گرا جس کے باعث اس گھر کی بھی چھت گر گئی، واقعے میں جھلس کر زخمی ہونے والے بچوں کو سول اسپتال برنس وارڈ منتقل کر دیا گیا۔ ڈی سی سینٹرل کا کہنا تھا کہ واقعہ بدھ کی رات سوا گیارہ بجے کے قریب پیش آیا تھا جبکہ سندھ بلڈنگ کنٹرول کے عملے کو بھی طلب کرلیا گیا ہے۔






گھر میں نیا اے سی لگا تھا اور اس میں گیس بھرنے والا سلنڈر پھٹا تھا، ایس ایچ او لیاقت آباد

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔