ایکنک کا اجلاس 361 ارب روپے کے منصوبوں کی منظوری

 تقریباً تمام منصوبے لاگت بڑھ جانے کی وجہ سے دوبارہ منظوری کیلیے پیش کیے گئے۔


Shahbaz Rana May 27, 2021
حیدرآباد سکھر موٹروے، گھوواڑی اور ہیزل پاور پروجیکٹس اور دیگر منصوبے شامل۔ فوٹو: فائل

قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹیو کمیٹی ( ایکنک) کے اجلاس میں 361 ارب روپے مالیت کے 9میگا پروجیکٹس کی منظوری دی گئی۔

قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹیو کمیٹی ( ایکنک) کا ورچوئل اجلاس وفاقی وزیرخزانہ شوکت ترین کی سربراہی میں ہوا جس میں ان تمام منصوبوں کی منظوری دی گئی۔ ان میں نجی شعبے کے تعاون سے 306 کلومیٹر طویل حیدرآباد سکھر موٹروے کی تعمیر بھی شامل ہے۔

وزارت خزانہ کے مطابق ایکنک نے حیدرآباد سکھر موٹروے کی بی او ٹی ( build، operate and transfer ) بنیادوں پر منظوری نظرثانی شدہ پی سی ون پر دی جس کی لاگت191.5 ارب روپے ہے۔ ایکنک کے اجلاس میں تیسری بار 25.9ارب روپے کی نظرثانی شدہ لاگت سے گومل زام کثیرالمقاصد پروجیکٹ کی منظوری دی گئی۔

ایکنک نے 20.8 روپے کی لاگت کا حامل کووڈ 19 اور دیگر قدرتی آفات پر کنٹرول کا پروگرام بھی منظور کیا۔ قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے اجلاس میں 30 میگاواٹ کے گھوواڑی ہائیڈرو پاور پروجیکٹ کی تیسری بار منظوری دی گئی۔ اس پروجیکٹ کی لاگت 16.4 ارب روپے ہے اور یہ 4 سال میں مکمل ہوگا۔

ایکنک کے اجلاس میں جو دیگر منصوبے منظورکیے گئے ان میں12.9 ارب روپے کی نظرثانی شدہ لاگت سے ہیزل، گلگت کا 20 میگاواٹ کا ہائیڈروپاور پروجیکٹ، 20.5 ارب کی لاگت سے رینی کینال پروجیکٹ ( فیز 1، 110 کلومیٹر ) ، ایم8 پروجیکٹ کا ہوشاب، أواران، خضدار سیکشن، خیبرپختونخوا میں 28.2 ارب روپے کی لاگت سے شاہراہوں کی بحالی کا منصوبہ شامل ہے۔

علاوہ ازیں ایکنک نے مردان صوابی روڈ کی فزیبلٹی اور اسے دو رویہ کرنے کے نظرثانی شدہ پی سی ون کی بھی منظوری دی۔ اس منصوبے کی لاگت 13.1 ارب روپے ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔