عمران خان نے اپنی انا کی تسکین کیلئے پاکستان کو معاشی تباہی سے دوچار کردیا بلاول

عمران خان نے پاکستان کے فیصلے قرض دینے والے ممالک کے ہاتھوں میں سونپ دئیے ہیں، چیئرمین پیپلز پارٹی


ویب ڈیسک May 27, 2021
عمران خان نے ملک کے مستقبل کو داؤ پر لگانے کی کوشش کی ہے، بلاول بھٹو زرداری فوٹو: فائل

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ اپنی نااہلی سے واقف ہونے کے باوجود عمران خان نے صرف اپنی انا کی تسکین کیلئے پاکستان کو معاشی تباہی سے دوچار کردیا۔

اپنے بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عمران خان قرضوں پر ملکی معیشت چلاکر آئندہ آنے والی نسلوں کیلئے گڑھا کھود رہے ہیں، سخت شرائط پر قرضے لے کر معیشت چلانے کا تجربہ آئندہ حکومتوں کیلئے بھی مسائل پیدا کرے گا۔ عمران خان کشکول اٹھائے واشنگٹن، ریاض، دبئی اور بیجنگ گھومتے رہے اور ملکی وقار خاک میں ملادیا، عمران خان نے پاکستان کے فیصلے قرض دینے والے ممالک کے ہاتھوں میں سونپ دئیے ہیں۔ اپنی نااہلی سے واقف ہونے کے باوجود عمران خان نے صرف اپنی انا کی تسکین کیلئے پاکستان کو معاشی تباہی سے دوچار کردیا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ عمران خان کے اقتدار میں آنے کے بعد بیرونی قرضے 21 ارب ڈالر اضافے کے ساتھ 95 ارب ڈالر سے 116 ارب ڈالر ہوچکے ہیں، عمران خان صرف اس سال 35 فیصد اضافے کے ساتھ 10 ارب ڈالر کا بیرونی قرضہ لے چکے ہیں، اگر عمران خان اسی رفتار سے قرض لیتے رہے تو قوم کو مستقبل میں سخت حالات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے، عمران خان نے پاکستان کے بچے بچے کو قرض کی دلدل میں دھکیل کر ملک کے مستقبل کو داؤ پر لگانے کی کوشش کی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں