ہتک عزت کا دعویٰ کمال خان نے جان چھڑانے کے لیے سلمان خان کے والد سے مدد مانگ لی

سلمان خان کے والد سلیم خان صاحب نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ ’’رادھے‘‘ بری فلم ہے، کے آر کے


ویب ڈیسک May 27, 2021
مجھے فلموں کے ریویو کرنے سے روکنے کے لیے کیس فائل کرنے کی ضرورت نہیں، کے آر کے فوٹوفائل

بھارتی فلمی ناقد کمال آر خان المعروف کے آر کے نے سلمان خان کی جانب سے ان کے خلاف دائر کیے جانے والے کیس سے جان چھڑوانے کے لیے سلمان خان کے والد سے مدد طلب کرلی۔

بالی ووڈ کے سلو میاں نے اپنی فلم ''رادھے، یور موسٹ وانٹڈ بھائی'' کا ریویو کرنے (جائزہ لینے) کے لیے بھارتی فلموں کے تجزیہ نگار اور اداکار کمال آر خان کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ درج کروایا تھا۔ اس کے علاوہ سلو میاں کی قانونی ٹیم نے کے آر کے کو نوٹس بھیجا تھا اور مبینہ طور پر سٹی سول کورٹ کے ایڈیشنل سیشن جج سے اپیل کی تھی کہ اس کیس کی سماعت فوری کی جائے۔

کمال آر خان نے سلو میاں کی جانب سے بھیجے گئے نوٹس اور ہتک عزت کے دعوے پر ردعمل دیتے ہوئے ٹوئٹ کیا تھا کہ سلمان خان نے فلم''رادھے'' کا ریویو کرنے پر میرے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ درج کیا ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ میرے ریویو نے انہیں بہت زیادہ متاثر کیا ہے۔ لہذا میں اب ان کی کسی فلم کا ریویو نہیں کروں گا۔

یہ بھی پڑھیں: سلمان خان نے کمال آر خان کیخلاف ہتک عزت کا مقدمہ درج کروادیا

بعد ازاں کے آر کے نے سلمان خان کے والد سے بھی ٹوئٹر پر اپیل کی تھی سلیم خان صاحب میں یہاں سلمان خان کی فلموں یا ان کا کیر یئر تباہ کرنے کے لیے نہیں ہوں۔ میں فلموں کا ریویو صرف لطف لینے کے لیے کرتا ہوں۔ اگر مجھے پتہ ہوتا کہ سلمان خان میرے فلمی جائزے سے اتنے زیادہ متاثر ہوں گے تو میں کبھی ان کی فلم کا ریویو نہیں کرتا۔ اور اگر انہوں نے مجھ سے کہا کہ میں ان کی فلموں کا ریویو نہ کروں تو میں نہیں کروں گا۔

ایک اور ٹوئٹ میں کے آر کے کا کہنا تھا مجھے فلموں کے ریویو کرنے سے روکنے کے لیے کیس فائل کرنے کی ضرورت نہیں۔ سلیم سر! میں یہاں کسی کا دل دکھانے کے لیے نہیں ہوں۔ لہذا میں اب مستقبل میں سلمان خان کی کسی فلم کا ریویو نہیں کروں گا۔ براہ مہربانی انہیں کیس آگے نہ بڑھانے کا کہیں۔ اگر آپ چاہتے ہیں تو میں اپنی ریویوز والی ویڈیوز بھی ڈیلیٹ کردوں گا۔ آپ کا شکریہ سلیم صاحب۔



آج کمال آر خان نے ایک اور ٹوئٹ میں کہا ہے کہ سلمان خان کے والد سلیم خان صاحب نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ ''رادھے'' بری فلم ہے۔ اس کا مطلب یہ ہوا کہ انہوں نے سلمان خان کو اشارہ دیا تھا کہ انہیں یہ قبول کرلینا چاہئے کہ ان کی فلم خراب ہے، بجائے اس کے کہ وہ میرے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ درج کریں۔ اپنی ٹوئٹ کے آخر میں کے آر کے نے انہیں سپورٹ کرنے کے لیے سلیم خان کا شکریہ ادا کیا۔



واضح رہے کہ سلومیاں کی عیدالفطر کے موقع پر او ٹی ٹی پلیٹ فارم پر ریلیز کی گئی فلم ''رادھے'' کو شائقین نے زیادہ پسند نہیں کیا۔ فلمی تجزیہ نگاروں کے ردعمل کو دیکھا جائے تو انہوں نے سلمان بھائی کی اس فلم کو مایوس کن قرار دیا ہے۔ جب کہ آئی ایم ڈی بی پر بھی فلم ریٹنگ 10 میں صرف 1.9 ہے جو کہ بہت ہی کم ہے۔

فلم ''رادھے'' میں سلومیاں کے علاوہ اداکارہ دیشا پٹانی، جیکی شروف، رندیپ ہوڈا مرکزی کردار ادا کررہے ہیں جب کہ پربھو دیوا نے فلم کی ہدایات دی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں