ایکسپریس نیوز کی گاڑی پر فائرنگ سیاسی ومذہبی رہنماؤں صحافتی تنظیموں اور دیگر کی مذمت

ایکسپریس نیوز پر حملوں کی تحقیقات کی جارہی ہیں اور آئی جی سندھ سے واقعے کی فوری رپورٹ طلب کرلی گئی ہے، شرجیل میمن


ویب ڈیسک January 17, 2014
ايكسپريس نيوز کی ڈی ايس اين جی پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے عملے كے تين افراد کے جاں بحق ہونے کےبعد عباسی اسپتال ميں عملے كے اركان غم سے نڈھال ہيں ۔فوٹو:محمد نعمان/ایکسپریس

ایکسپریس نیوز کی گاڑی پر فائرنگ کی سیاسی ومذہبی رہنماؤں، صحافتی تنظیموں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شدید مذمت کی ہے۔

وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ واقعہ انتہائی قابل مذمت ہے، پورا ملک اس وقت دہشت گردی کی لپیٹ میں ہے اور پورا ملک اس کے خلاف حالت جنگ میں ہے، ایکسپریس نیوز پر حملوں کی تحقیقات کی جارہی ہیں اور آئی جی سندھ سے واقعے کی فوری رپورٹ طلب کرلی گئی ہے۔

ایم کیو ایم کے رہنما وسیم اختر نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اب بات حد سے گزر چکی ہے، حکومت شہر کے حوالات کے حوالے سے سنجیدہ نظر نہیں آرہی اور کراچی میں اب کوئی بھی محفوظ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں جس طرح کا ٹارگٹڈ آپریشن کیا جارہا ہے اس پر پوری قوم کو تشویش ہے کیونکہ اصل جرائم پیشہ افراد کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جارہی۔

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا کہ صوبے کے عوام اور میڈیا ہاؤسز کی حفاظت کی ذمہ داری صوبائی حکومت کی ہے، حکومت پہلے حفاظتی اقدامات کرتی تو یہ واقعہ پیش نہ آتا تاہم اب سندھ حکومت کو آگے آکر ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ واقعے سے معلوم ہوتا ہے کہ دہشت گردوں کا یقیناً کوئی پلان ہے جس کے تحت شہر کے حالات خراب کئے جارہے ہیں۔

جماعت اسلامی کے امیر سید منور حسن نے ایکسپریس نیوز کے عملے پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اب تو کہنے کے لئے بھی کچھ نہیں رہ گیا لیکن اس کے باوجود بھی حکمرانوں کے کانوں پر جو تک نہیں رینگ رہی، پورے ملک میں افراتفری اور دہشت گردی کا طوفان اٹھا ہوا ہے لیکن حکمران صرف اپنی حفاظت اور پروٹوکول کے پیچھے پڑے ہوئے ہیں۔

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا کہ ملک میں ظلم، اندھیر نگری اور جنگل کا قانون ہے لیکن افسوس کی بات یہ ہے کہ ایسے واقعات کے باوجود قوم خاموش ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم ملک میں امن دیکھنا چاہتے ہیں تو اس کے لئے ہمیں سنجیدہ ہونا پڑے گا اور ملک کے دشمنوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنا ہوگا۔

عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما زاہد خان کا کہنا تھا کہ مخصوص گروپ ایکسپریس نیوز کو ٹارگٹ کر رہا ہے، ملک میں افراتفری ہے، ہمارے صحافی محفوظ نہیں اور ہم تباہی کی جانب جارہے ہیں۔

پی ایف یو جے نے بھی ایکسپریس نیوز کی گاڑی پر حملے کی پرزور مذمت کرتے ہوئے کل ملک بھر میں کا مظاہرے کا اعلان کیا ہے۔ پی ایف یو جے کے صدر رانا عظیم نے کہا کہ بات اب مذمت تک نہیں رہے گی بلکہ اب ہمیں اپنا دفاع خود کرنا ہوگا اور ہم اب خاموش نہیں رہیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں