ڈھائی کروڑ کی کار بطور ’غیبی انعام‘ پانے کیلیے فاقہ کرنے والا مرتے مرتے بچا

یہ بیروزگار لیکن کٹر مذہبی نوجوان اپنی محبوبہ کو قیمتی لیمبورگینی کار تحفے میں دینا چاہتا تھا


ویب ڈیسک May 28, 2021
پاکستانی روپوں میں لیمبورگینی کار کی قیمت ڈھائی کروڑ سے دس کروڑ تک بنتی ہے۔ (فوٹو: انٹرنیٹ)

MUMBAI: پچھلے مہینے زمبابوے کا ایک نوجوان 33 دن تک مسلسل فاقہ کرنے کے بعد مرتے مرتے بچا، لیکن اس کے فاقہ کرنے کی وجہ نے دنیا کو چکرا کر رکھ دیا۔

تفصیلات کے مطابق، گزشتہ ماہ زمبابوے کے قصبے بندورا میں ایک بیروزگار لیکن انتہائی مذہبی نوجوان نے 40 دن تک مسلسل فاقہ کرنے کا فیصلہ کیا تاکہ خدا اس سے خوش ہو اور ''غیبی انعام'' کے طور پر دو لاکھ ڈالر (تین کروڑ روپے) والی قیمتی کار ''لیمبورگینی'' سے نواز دے۔

میڈیا میں اس 27 سالہ نوجوان کا نام مارک مرادزیرا بتایا گیا ہے جو بندورا میں ''رائزن سینٹس چرچ'' کا یوتھ لیڈر ہے۔

بیروزگاری کے باوجود، مارک اپنی گرل فرینڈ کو نئی اور مہنگی لیمبورگینی کار تحفے میں دینا چاہتا تھا جس کی کم از کم مالیت دو لاکھ ڈالر (تقریباً تین کروڑ پاکستانی روپے) ہے۔

اس ناممکن کو ممکن بنانے کےلیے مارک نے اپنے عقیدے پر تکیہ کرتے ہوئے خود ہی یہ فیصلہ کرلیا کہ اگر وہ 40 دن تک مسلسل فاقہ کرے گا تو خدا اس سے خوش ہوجائے گا اور اسے ''غیب سے'' ایک نئی لیمبورگینی بطور انعام دے گا۔

بھوک اور کھانے کی خواہش سے بچنے کےلیے وہ بندورا کے نواح میں ایک ٹیلے پر چلا گیا اور صرف پانی پی کر گزارا کرنے لگا۔

مسلسل بھوکا رہنے کی وجہ سے وہ کمزور ہوتا چلا گیا جبکہ دوسری جانب بندورا قصبے لوگوں نے بھی اسے ڈھونڈنا شروع کردیا کیونکہ وہ تقریباً ہر روز چرچ میں دکھائی دیتا تھا لیکن چار ہفتے تک کسی نے اسے چرچ تو کیا، پورے قصبے میں بھی کہیں نہیں دیکھا تھا۔

چند روز تلاش کے بعد، آخرکار وہ ٹیلے پر ایک عارضی پناہ میں مل گیا لیکن تب تک مارک کو فاقہ کرتے ہوئے 33 واں دن تھا اور وہ ادھ مری حالت میں پہنچ چکا تھا۔

اسے ہنگامی طور پر فوراً اسپتال لے جایا گیا جہاں بڑی مشکلوں سے اس کی جان بچائی گئی۔ ہوش میں آنے پر جب اس سے پوچھا گیا تو اس نے سارا واقعہ سنا دیا۔

مارک کی درد بھری کہانی سن کر بندورا کے غریب لوگوں نے اس کےلیے چندہ جمع کیا لیکن جب انہیں معلوم ہوا کہ وہ تو لیمبورگینی جیسی مہنگی کار خریدنا چاہتا ہے تو اہلِ علاقے نے جمع ہونے والی ساری رقم، جو 40 ڈالر جتنی بھی نہیں تھی، مارک کے طبّی اخراجات کی مد میں اسپتال والوں کو دے دی۔

اپنی اس حرکت کی وجہ سے مارک کو شدید تنقید کا سامنا ہے۔ زمبابوے کے بشپ ماوورو نے مارک پر کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ ملازمت حاصل کرنے کےلیے فاقہ کرتا تو یہ کہیں بہتر رہتا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں