چھینے گئے موبائل فون ویب سائٹ پر فروخت کرنے والے 3 ملزمان گرفتار

ملزمان کے قبضے سے 35 آئی فون اور 3 پستول برآمد ہوئے، پولیس

ملزمان کے قبضے سے 35 آئی فون اور 3 پستول برآمد ہوئے، پولیس . فوٹو : فائل

فیروز آباد پولیس نے چھینے گئے موبائل فون ویب سائٹ پر فروخت کرنے والے تین ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ایس ایچ او اورنگزیب خٹک نے بتایا کہ چھاپے میں تین ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے جن میں گروہ کا سرغنہ شوکت، جبران اور محمد عبداللہ شامل ہیں جبکہ ایک کارندہ بلال شاہ موقع سے فرار ہوگیا، ملزمان کے قبضے سے 35 آئی فون اور 3 پستول برآمد ہوئے۔

ایس ایچ او کے مطابق گروہ سرغنہ شوکت کی پنجاب چنیوٹ میں دکان ہے اس کے گروہ کے دو کارندے موبائل کراچی سے چھینتے تھے، ملزمان نے خرید و فروخت کی ویب سائٹ پر جعلی آئی ڈی بنا رکھی ہے اس ویب سائٹس کے ذریعے ملزمان اب تک ڈیڑھ کروڑ سے زائد کے 100 آئی فون فروخت کرچکے ہیں۔


پولیس کے مطابق ملزمان سوشل میڈیا صارف کی ڈیمانڈ پر مطلوبہ فون بھی چھینا کرتے تھے، ملزمان چھینے ہوئے آئی فون کو کارآمد بناکر ویب سائٹ پر اپ لوڈ کرتے تھے۔

انہوں نے درجنوں فون کھول کر پارٹس کی صورت میں بھی فروخت کیے، ملزمان پاکستان کے تمام صوبوں اور شہروں میں موبائل فون فروخت کرچکے ہیں۔

پولیس نے بتایا کہ ملزمان کے سب سے زیادہ کسٹمر لاہور، سرگودھا فیصل آباد اور چنیوٹ سے ہیں، معرف کورئیر سروس کے ذریعے چوری کے فون پارسل کیے جاتے اور اس کی رقم بذریعہ ایزی پیسہ وصول کیا کرتے تھے۔ پولیس کے مطابق کراچی پولیس کی چنیوٹ اور لاہور سمیت مزید شہروں میں بھی دیگر ملزمان کی تلاش جاری ہے۔
Load Next Story