سندھ کے 10 اضلاع میں گھروں میں سولر سسٹم لگانے کی منظوری

ہر سولر پینل کی 50 فیصد قیمت سندھ حکومت اور 50 فیصد گھروالوں کو ادا کرنی ہوگی، وزیرتوانائی


ویب ڈیسک May 29, 2021
پروجیکٹ خیرپور، سانگھڑ، بدین، گھوٹکی، جیکب آباد، کشمور، قمبرشہدادکوٹ، تھرپارکر، سجاول اور عمرکوٹ میں شروع ہوگا، وزیرتوانائی ۔ فوٹو:فائل

لاہور: وزیراعلیٰ نے 10 اضلاع میں 4 ارب روپے کی لاگت سے گھروں میں سولر سسٹم لگانے کی منظوری دے دی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی صدارت میں سولر ہوم سسٹم کے حوالے سے اجلاس ہوا، جس میں وزیراعلیٰ نے 10 اضلاع میں 4 ارب روپے کی لاگت سے گھروں میں سولر سسٹم لگانے کی منظوری دے دی۔ ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ پروجیکٹ ورلڈ بینک کے تعاون سے شروع کیا جا رہا ہے۔

اجلاس میں وزیر توانائی امتیاز شیخ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پروجیکٹ خیرپور، سانگھڑ، بدین، گھوٹکی، جیکب آباد، کشمور، قمبرشہدادکوٹ، تھرپارکر، سجاول اور عمرکوٹ میں شروع کیا جارہا ہے، اور ہر ضلع میں 20 ہزار گھروں کو سولر سسٹم مہیا کیا جائے گا، ہر سولر پینل کی 50 فیصد قیمت سندھ حکومت اور 50 فیصد گھروالوں کو ادا کرنی ہوگی۔

وزیرتوانائی نے بتایا کہ یہ پروجیکٹ سانگھڑ اور خیرپور میں فوری طور پر شروع کیا جائے گا، جب کہ تمام 10 اضلاع میں سولر ہوم سسٹم پروجیکٹ کا افتتاح اگلے ماہ کردیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ پروجیکٹ سے غریب لوگوں کو اس لوڈشیڈنگ کے زمانے میں بجلی مہیا ہوسکے گی، سولر پینل ایسے لوگوں کو مہیا کیا جائے جن کے گھروں میں پہلے بجلی نہیں ہے، اور ان میں بھی ایسے گھروں کو ترجیح دی جائے جن کی سربراہ خواتین ہوں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں