نیشنل ایکشن پلان پر اس کی اصل روح کے مطابق عمل نہیں ہوسکا وزیر خزانہ بلوچستان

دہشت گردی کے خاتمے کیلئے ہم سب کو کرداراد اکرنا ہوگا، ظہور بلیدی


Staff Reporter May 30, 2021
بلوچستان میں قوم پرستی، قبائلی، مذہبی اور لسانی بنیادوں پر شورش ہے ،وزیر خزانہ فوٹو: فائل

وزیر خزانہ بلوچستان میر ظہور احمد بلیدی کا کہنا ہے کہ بدقسمری سے ملک میں نیشنل ایکشن پلان پر اس کی اصل روح کے مطابق عمل نہیں ہوسکا۔

کوئٹہ میں تقریب سے خطاب کے دوران میر ظہور احمد بلیدی نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان ایک اچھا اقدام تھا لیکن اس پر اس کی روح کے مطابق عمل درآمد نہیں ہوسکا جس کے مختلف محرکات ہیں، بلوچستان میں شورش قوم پرستی، قبائلیت، مذہبی اور لسانی بنیادوں پر ہے، تشدد جس بھی شکل میں ہو وہ دہشت گردی ہے، بلوچستان میں قوم پرستوں، سیاسی جماعتوں ،الیکٹ ایبلز نے کبھی بھی اسٹیٹس کو کو ختم کرنے کی کوشش نہیں کی کیونکہ یہ ان کے فائدہ میں ہے، بلوچستان میں محرومیت، غربت، فسادات، سمیت دیگر وجوہات کی بنا پر دہشت گردی پروان چڑھی، من حیث القوم ہم سب نے اپنے موقف پر زور دیا اور اسے ہی درست سمجھا جبکہ دوسرے فریقین کے موقف پر توجہ نہیں دی

صوبائی وزیر نے کہا کہ بلوچستان کے جنوبی علاقوں میں ہزاروں لوگ دہشت گردی کی وجہ سے لقمہ اجل بنے اور ان میں زیادہ تر لوگوں کے قاتل گرفتار نہیں ہوئے، قوم پرست جماعتوں نے یک طرفہ موقف کو ہمیشہ فروغ دیا جس کی وجہ سے مسائل جوں کے توں ہیں اور یہی ان کے فائدے میں جاتا ہے، عوام کی یاداشت کمزور ہے وہ کچھ عرصے بعد چیزیں بھول جاتے ہیں جو لوگ بلوچستان کی محرومیوں کا پرچار کرتے ہیں جس طرح وہ اپنے علاقے میں حکومت کرتے اور ان کا رویہ دیکھا جائے تو معلوم ہو جائے گا کہ ان کا وژن صرف اور صرف باتوں کی حد تک محدود ہے۔
ظہور بلیدی نے کہا کہ برسراقتدار رہنے والوں نے کبھی بھی بلوچستان کے حقیقی مسائل پر کوئی جامع پالیسی نہیں دی جس کی وجہ سے صوبہ آج اس نہج پر پہنچ گیا ہے، دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کے لئے ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، جب اسٹیٹس کو ٹوٹے گا اس کے بعد مسائل حل ہوں گے، جو لوگ بات چیت کرنے کے لئے تیار ہیں اور صوبے کے عوام کے حقوق اور بنیادی مسائل کا حل چاہتے ہیں ان سے ضرور بات ہونی چاہیے لیکن جو لوگ عوام کے معاشی اور معاشرتی حالات بہتر کرنے کی بجائے اپنے ماضی کے نظام بحال اور ذاتی فائدہ چاہتے ہیں تو ان سے بات کرنے کا فائدہ نہیں ہوگا، ڈیرہ بگٹی کے لوگ اعتراف کرچکے ہیں کہ ان کا مسئلہ پی پی ایل سے تھا، وفاقی حکومت نے صوبے کے شورش زدہ علاقوں کے لئے اب تک 200ارب روپے کے پیکیج کی سفارشات پر عملدآمد شروع کردیا ہے جس سے ان علاقوں میں بہتری آئے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں