وزیر اعظم نے وعدہ کیاتھا کہ انصاف ملے گا جو اب مل جانا چاہیے جہانگیر ترین

معاملہ تب بگڑا ہے جب نذیر چوہان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ، جہانگیر ترین


ویب ڈیسک May 31, 2021
عدالت نے جہانگیر ترین اور علی ترین کی عبوری ضمانت میں 11جون تک توسیع کردی فوٹو: فائل

جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان نے وعدہ کیا تھا کہ انصاف ملے گا جو اب مل جانا چاہیے۔

لاہور میں عدالت پیشی کے دوران جہانگیر ترین نے کہا کہ مجھ پر بےبنیاد الزامات لگائے گئے، ہر پیشی پر نئی تاریخ مل جاتی ہے ، علی ظفر کا احترام کرتا ہوں کہ انہوں نے محنت سے رپورٹ مکمل کی، ہمیں امید تھی کہ اب تک ان کی رپورٹ منظر عام پر آجائے گی لیکن ایسا نہ ہوسکا، یہ قیاس آرائی ہے کہ انہوں نے رپورٹ وزیراعظم کو دے دی ہے اور یہ بھی کہا جارہا ہے کہ یہ رپورٹ میرے لئے مثبت ہے، وزیر اعظم نے وعدہ کیاتھا کہ انصاف ملے گا جو اب مل جانا چاہیے۔

تحریک انصاف کے رہنما نے کہا کہ مجھے انصاف فراہم کی جائے ، سیاست نہ کی جائے، معاملہ تب بگڑا جب نذیر چوہان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا، میری کسی حکومتی اعلیٰ عہدیدار سے ملاقات نہیں ہوئی، جب رپورٹ آئے گی تو ہر چیز کھل کر بتاؤں گا۔

اس سے قبل لاہور کی بینکنگ کورٹ کے فاضل جج حامد حسین نے جہانگیر ترین اور ان کے اہل خانہ کے خلاف مقدمات پر سماعت کی، جہانگیر ترین اور علی ترین عبوری ضمانت مکمل ہونے پر عدالت میں پیش ہوئے۔

دوران سماعت فاضل جج حامد حسین نے ریمارکس دیئے کہ میرے پاس ان کیسز کی سماعت کا اختیار نہیں رہا، ایڈیشنل سیشن جج ون نئے تعینات ہو گئے ہیں، آج کوئی دلائل نہیں سن سکتا، اگلی تاریخ مقرر کر سکتا ہوں۔

فاضل جج کے استفسار پر ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے نے کہا کہ پورے ایف آئی اے میں تبدیلیاں ہوئی ہیں، انب مقدمات کا تفتیشی افسر رانا شہباز بھی تبدیل ہو گیا ہے، عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے استفسار کیا کہ ڈی جی ہو یا کوئی بھی، وہ کیسے تفتیشی کا تبادلہ کر سکتا ہے؟ وہ تفتیشی افسر کہاں ہیں جن سے مجھے بات کرنی ہے ؟ تفتیشی افسر کی تبدیلی سے متعلق میں حقائق لکھوں گا، عدالت نے مقدمہ کے تفتیشی افسر کا تبادلہ کرنیوالے ایف آئی اے افسر کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے جہانگیر ترین اور علی ترین کی عبوری ضمانت میں 11جون تک توسیع کردی۔

واضح رہے کہ ایف آئی اے نے جہانگیر ترین، ان کے بیٹے علی ترین، داماد اور دیگر فیملی ممبران کے خلاف سوا تین ارب روپے کے مالیاتی فراڈ پر مقدمہ درج کر رکھا ہے، ایف آئی اے کا موقف ہے کہ جہانگیر ترین نے اپنے داماد کی کاغذ بنانے والی بند فیکٹری فاروقی پلپ کمپنی کے اکاؤنٹ میں جی ڈی ڈبلیو کمپنی سے سوا تین ارب منتقل کئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں