ورلڈ کپ کی بھارت سے فوری منتقلی کا امکان کم

بورڈ آج آئی سی سی سے فیصلہ ایک ماہ آگے بڑھانے کی درخواست کرے گا۔


Sports Desk June 01, 2021
بورڈ میٹنگ میں ٹیکس مسائل اورفیوچر ٹورسائیکل کے بارے میں بات ہوگی۔ فوٹو: فائل

ٹی 20 ورلڈ کپ کی بھارت سے فوری منتقلی کا امکان کم ہے جب کہ بی سی سی آئی منگل کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل سے میزبانی کا فیصلہ ایک ماہ آگے بڑھانے کی درخواست کرے گا۔

آئی سی سی بورڈ کا اجلاس منگل کو ورچوئل طور پر ہوگا،اس میں ٹی 20 ورلڈ کپ کی میزبانی کے حوالے سے حتمی فیصلہ متوقع ہے،البتہ بھارتی بورڈ اس حوالے سے کوئی بھی فیصلہ ایک ماہ تک موخر کرنے کی درخواست کرے گا، میگا ایونٹ اکتوبر، نومبر میں بھارت میں شیڈول ہے تاہم کورونا وائرس کیسز کی وجہ سے ٹورنامنٹ کی متحدہ عرب امارات منتقلی کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔

بی سی سی آئی اگرچہ اپنی آئی پی ایل ستمبر، اکتوبر میں یواے ای میں مکمل کرنے کا فیصلہ کرچکا مگر ورلڈ کپ اپنے ہی ملک میں کرانا چاہتا ہے،اسی لیے آئی سی سی بورڈ میٹنگ میں اس حوالے سے کوئی فیصلہ سامنے آنے کا امکان کم ہے،یکم جولائی کے بعد بی سی سی آئی کی ایک اور خصوصی جنرل میٹنگ ہوگی،جس میں ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔

آئی سی سی کی جانب سے میزبانی کا باضابطہ اعلان 18 جولائی سے شیڈول سالانہ کانفرنس میں ہوگا،آئی سی سی بورڈ میٹنگ میں بی سی سی آئی میگا ایونٹ کیلیے حکومت سے ٹیکس استثنیٰ کے حوالے سے بھی اپ ڈیٹ کرے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اگرچہ بورڈ اس حوالے سے حکومت کے ساتھ رابطے میں ہے تاہم ٹیکس کی رقم 906 کروڑ روپے معاف کرنا مشکل ہوسکتا ہے،آئی سی سی میٹنگ میں فیوچر ٹور پروگرام کے اگلے دورانیے پر بھی بات ہوگی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں