پی آئی اے کے اضافی ملازمین کو جون تک فارغ کرنیکا فیصلہ

رضاکارانہ ہینڈ شیک پلان متعارف کرایا جائے گا،تیاری شروع کردی گئی ہے، ذرائع


Irshad Ansari January 18, 2014
رضاکارانہ ہینڈ شیک پلان متعارف کرایا جائے گا،تیاری شروع کردی گئی ہے، ذرائع فوٹو: فائل

وفاقی حکومت نے پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائن(پی آئی اے) کے اضافی ملازمین فارغ کرنیکا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے رضاکارانہ ہینڈ شیک پلان متعارف کروانے کا فیصلہ کیاگیا ہے۔

اس ضمن میں،،ایکسپریس،،کو دستیاب دستاویز کے مطابق وفاقی حکومت کی طرف سے پی آئی اے کے اضافی ملازمین کو جون 2014 تک رضاکارانہ ہینڈ شیک اسکیم کے تحت فارغ کیے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کے اضافی ملازمین کو فارغ کرنے کے لیے رضاکارانہ ہینڈ شیک پلان کی تیاری شروع کردی گئی ہے جس میں پی آئی اے ٹوکے اضافی ملازمین کو فراغ کرنے کے حوالے سے ٹرمز اینڈ کنڈیشنز اور مراعات کا تعین کیا جائیگا جبکہ،،ایکسپریس،،کو دستیاب دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ حکومت پی آئی اے کو 2 حصوں میں تقسیم کرے گی جس میں پی آئی اے کے ذمے واجب الادا ماضی کے تمام قرضے اور اضافی ملازمین پی آئی اے ٹو کے ماتحت کردیے جائیں گے اور پی آئی اے ٹو میں جانے والے اضافی ملازمین کے لیے رضاکارانہ ہینڈ شیک اسکیم لائی جائے گی البتہ کچھ اضافی ملازمین اورواجبات پی آئی اے کے ماتحت بھی رکھے جائیں گے تاکہ جو اضافی ورک فورس پی آئی اے کے کھاتے میں آئے گی اس ورک فورس کو اسٹریم لائن بنایا جاسکے اور اس کے لیے حکومت پاکستان سے فنڈز حاصل کیے جائیں گے۔



دستاویزکے مطابق پی آئی اے کے 26 فیصد حصص کی دسمبر2014 تک انتظامی کنٹرول کے ساتھ فروخت کی منصوبہ بندی کی گئی ہے جس کے لیے مارچ کے آخر تک فنانشل ایڈوائزر تعینات کیا جائیگا مگر اس کے ساتھ ہی یہ بھی طے کیا گیا ہے کہ اس دوران پی آئی اے کم سے کم لاگت میں بہترین سفری سہولتیں دینے والے جہازوں کو لیز پر لنے اور پی آئی اے کے روٹس کی ریشنلائزیشن کا سلسلہ بھی جاری رکھے گی۔دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ 30 جون 2013 تک پی آئی اے کا مجموعی خسارہ 170ارب روپے تھا جبکہ پی آئی اے 40 بیرونی(Foreign) اسٹیشنز اور 32 مقامی و اندرونی(Domestic)اسٹیشنزسے آپریٹ کررہا ہے جبکہ کمپنی(پی آئی اے)کے 11 انتظامی ونگز ہیں جن میں مجموعی طور پر 18 ہزار سے زائد ملازمین تعینات ہیں اس کے علاوہ 3 ہزار سے زائدکنٹریکٹ اور ڈیلی ویجز ملازمین ہیں جبکہ پی آئی اے کے پاس کل 34 جہاز ہیں جن میں سے صرف25 آپریشنل ہیں جن میں 3بوئنگ 747 ، 8 ائیر بس اے 380 ، ایک بوئنگ 737،5 اے ٹی آر42 جبکہ 8 بوئنگ 777جہاز شامل ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں