روئی کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

ملکی تاریخ میں پہلی بار پاکستان میں مئی کے مہینے میں نئے کاٹن جننگ سیزن کا آغاز


Staff Reporter June 01, 2021
آئندہ چند روز کے دوران روئی اور پھٹی کی قیمتوں میں مزید تیزی کا رجحان سامنے آنے کی توقع ہے (فوٹو : فائل)

KARACHI: ملکی تاریخ میں پہلی بار پاکستان میں مئی کے مہینے میں نئے کاٹن جننگ سیزن کا آغاز ہوگیا جبکہ فی 40 کلو گرام پھٹی کی قیمت 6200 روپے کے ساتھ تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔

چیئرمین کاٹن جنرز فورم احسان الحق نے بتایا کہ رواں سال سازگار موسمی حالات کے باعث سندھ کے ساحلی اضلاع میں کپاس کی کاشت پہلے کے مقابلے میں زیادہ ہونے اور بروقت چنائی شروع ہونے کے باعث متعدد علاقوں میں دو ہفتے قبل پھٹی کی چنائی شروع ہونے سے ٹنڈو آدم اور بورے والا میں دو جننگ فیکٹریوں نے چند روز قبل ہی کپاس کی نئی فصل سے آنے والی پھٹی سے جننگ کا آغاز کردیا جبکہ روایتی طور پر پاکستان میں نئے کاٹن جننگ سیزن کا آغاز جون کے دوسرے ہفتے میں کیا جاتا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ روز ٹنڈو آدم میں کاٹن ایئر 2021-22 میں روئی کی 200 گانٹھوں کی پہلی ڈلیوری بھی کر دی گئی ہے، معلوم ہوا ہے کہ سندھ کے ضلع سانگھڑ اور پنجاب کے ایک دو علاقوں میں بھی اسی ہفتے مزید جننگ فیکٹریاں بھی نئے کاٹن جننگ سیزن کا آغاز کر دیں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ کے کئی شہروں میں گزشتہ روز نئی پھٹی کی قیمتیں 200 روپے فی 40 کلو گرام مزید اضافے کے ساتھ ملکی تاریخ کی نئی بلند ترین سطح 6 ہزار 200 روپے تک پہنچ گئیں جبکہ کپاس کی نئی فصل سے تیار ہونے والی روئی کی ٹریڈنگ 12 ہزار 200 روپے سے 12 ہزار 500 روپے تک ہو رہی ہے جبکہ آئندہ چند روز کے دوران روئی اور پھٹی کی قیمتوں میں مزید تیزی کا رجحان سامنے آنے کی توقع ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں